اسرائیل میں فوجی سمیت مزید سات زخمی، ایک حملہ آور ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید سات اسرائیلی شہریوں کو حملہ کر کے زخمی کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق چار اسرائیلی تل ابیب میں ہونے والے حملوں میں زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ تین اسرائیلی مشرقی یروشلم، شمالی اسرائیل اور غرب اردن کے علاقوں میں زخمی ہوئے۔
ان حملوں کے بعد مقبوضہ بیت المقدس اور غربِ اردن کے علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی اور فلسطینیوں کے بیت المقدس کے قدیم شہری علاقے میں داخلے پر عارضی پابندیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔
فلسطینی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ حملہ آور کے مکان پر کارروائی کرنے والے اسرائیلی فوجیوں نے بھی ایک فلسطینی کو گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔
اسرائیلی ٹی وی کے مطابق اس واقعے کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں میں نو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہEPA
پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو تل ابیب میں ہونے والا حملہ کریا فوجی کمپاؤنڈ کے مقابل واقع سڑک پر ہوا اور حملہ آور نے پیچ کس سے ایک خاتون فوجی اور تین شہریوں پر وار کیے۔
حملہ آور اس کارروائی کے بعد فرار ہوا تاہم اسرائیلی فضائیہ کے ایک اہلکار نے اس کا پیچھا کر کے اسے مار ڈالا۔
اس واقعے کے کچھ دیر بعد غربِ اردن کے شہر الخلیل کے نواح میں واقع کریات اربعہ نامی یہودی بستی کے پاس ایک فلسطینی نے ایک یہودی شخص کو چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران مختلف حملوں میں چار اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے تین مبینہ حملہ آوروں کو بھی مارا ہے۔
ملک میں سکیورٹی کی صورت حال کے پیشِ نظر اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے اپنا دورۂ جرمنی بھی ملتوی کر دیا ہے۔







