منیٰ میں بھگدڑ میں 717 ہلاک، حفاظتی انتظامات پر نطرثانی کا حکم

،تصویر کا ذریعہepa
سعودی عرب میں مسلمانوں کے سب سے بڑے سالانہ مذہبی اجتماع کے دوران مچنے والی بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 717 افراد میں مختلف قومیتوں کے لوگ شامل ہیں۔
سعودی عرب کے شاہ سلمان نے حج کے دوران حفاظتی انتظامات پر نطرثانی کا حکم دیا ہے۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ حج کے دوران تنظیمی اور حاجیوں کی آمد و رفت میں بہتری کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تصدیق کی ہے کہ منیٰ میں بھگدڑ میں چار پاکستانی ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
سعودی سول ڈیفنس کے حکام نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جمعرات کو پیش آنے والے اس حادثے میں کم ازکم 863 حاجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھگدڑ منیٰ کے مقام پر مچی۔ منیٰ مکہ سے پانچ کلومیٹر دور واقع ہے جہاں زائرین حج کے ایک رکن رمی جمرات کی دائیگی کے لیے جاتے ہیں۔
سعودی عرب کے محکمۂ شہری دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب حاجی جمرات پر کنکر پھینکنے کے لیے شارع نمبر 204 اور 223 کے سنگم پر موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق حاجیوں کی بڑی تعداد کی ایک مقام پر موجودگی کی وجہ سے بھگدڑ مچی جس کے نتیجے میں بہت سے حاجی زمین پر گر گئے اور کچلے جانے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔
سعودی حکام نے تاحال ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے تاہم منیٰ میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار تچیما الا اسوفو کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں نائجیریا’ چاڈ اور سینیگال سے تعلق رکھنے والے حاجیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
اس کے علاوہ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں 43 ایرانی بھی ہیں۔
حادثے کے عینی شاہد الا اسوفو کے مطابق لوگ رمی کے لیے جا رہے تھے کہ ان کے سامنے کنکریاں مار کر آنے والے حاجی آ گئے۔ پھر افراتفری کا سماں تھا اور اچانک لوگ گرنے لگے۔
ان کے مطابق لوگ ایک دوسرے کے اوپر چڑھتے ہوئے محفوظ مقام پر پہنچنے کے لیے کوشاں تھے اور اس وجہ سے بھی کئی لوگ مرے۔
بی بی سی کے بشیر سعد عبداللٰہی نے جائے حادثہ کا منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ منیٰ شہر کے مرکز میں جہاں لاشیں رکھی گئی ہیں اس علاقے کو پولیس نے بند تو کیا ہوا ہے لیکن جہاں تک نظر دیکھ سکتی ہے کفنائی گئی لاشیں ہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منصور الحق نے کہا ہے کہ اس سانحے میں فی الحال کسی پاکستانی حاجی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور اس سلسلے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ 4000 کے قریب امدادی کارکن اور 220 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں میں شریک رہے اور زخمیوں کو چار مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سعودی شہری دفاع اور ہلالِ احمر کے ارکان جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے اور انھوں نے مزید حاجیوں کو متاثرہ علاقے کی طرف جانے سے روک دیا تھا۔
یاد رہے کہ یہ رواں برس سعودی عرب میں حاجیوں کی آمد کے بعد پیش آنے والا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل 12 ستمبر کو <link type="page"><caption> مکہ کی مسجد الحرام کے صحن میں کرین گرنے سے کم از کم 107 افراد ہلاک</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/09/150911_mecca_crane_accident_zs" platform="highweb"/></link> اور 200 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔
دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچتے ہیں اور اس سال حج کے لیے مجموعی طور پر 30 لاکھ سے زیادہ مسلمان سعودی عرب میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات میں بہتری کے بعد گذشتہ نو سالوں سے حج کے دوران کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا تھا۔

اس سے قبل سنہ 2006 میں منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران ہی بھگدڑ مچنے سے 364 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔







