’ 99 فیصد یقین ہے کہ ویلبرزگ کے قریب دفن ٹرین نازیوں کی ہے‘

،تصویر کا ذریعہEPA
پولینڈ کی حکومت کے ایک وزیر کا کہنا ہے کہ ریڈار سے زمین کے اندر کی لی گئی تصاویر سامنے آنے کے بعد انھیں 99 فیصد یقین ہے دوسری جنگِ عظیم میں لاپتہ ہو جانے والی نازیوں کی ٹرین ملک کے جنوب مغربی شہر ویلبرزگ کے قریب دفن ہے۔
یہ ٹرین حالیہ پولینڈ کے شہر وارکلو کے قریب لاپتہ ہوگئی تھی جس پر سوویت فوج نے 1945 میں قبضہ کر لیا تھا۔ اس ٹرین کے متعلق افواہ ہے کہ اس پر ٹنوں سونا، جواہرات اور بندوقیں لدی ہوئی تھیں۔
پولینڈ کے نائب وزیرِ ثقافت پیوٹر زکووسکی نے جمعے کو وارسا میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا ہے کہ تصاویر میں ایک ایسی ٹرین کو دیکھا جا سکتا ہے جس پر بندوقیں نصب ہیں۔
انھوں نے تازہ ترین ثبوت کو ’غیرمعمولی‘ دریافت قرار دیا۔
پولش وزیر نے اس مقام کی نشاندہی نہیں کی جہاں پر یہ تصاویر لی گئیں۔ انھوں نے کہا ’میں کیسے اصل مقام کے بارے میں بتا سکتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس مقام اور اس کے بارے میں حکام کو آگاہ کرنے والے دونوں افراد کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔

،تصویر کا ذریعہ
انھوں نے خزانے کے متلاشی افراد کو بھی خبردار کیا کہ مذکورہ ٹرین ’بوبی ٹریپ‘ ہو سکتی ہے۔
پیوٹر زکووسکی نے کہا کہ انھیں ذاتی طور پر امید ہے کہ اس دریافت سے نازیوں کی جانب سے لوٹے گئے فن پارے اور نوادرات منظرِ عام پر آئیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر نے بتایا کہ اس ٹرین کے صحیح مقام کا پتہ اس وقت چلا جب اسے چھپانے کے عمل میں شامل ایک شخص نے بسترِ مرگ پر اس کے بارے میں بتایا۔
رواں ماہ کے آغاز میں ایک پولش اور ایک جرمن شخص نے ویلبرزگ کے حکام کو بتایا تھا کہ وہ اس لاپتہ ٹرین کے مقام سے آگاہ ہیں۔
جنوب مشرقی پولینڈ کی ایک قانونی فرم کے مطابق یہ سُراغ رساں ٹرین میں موجود سامان کا دس فیصد بطور کمیشن چاہتے ہیں۔







