یمن: صدر ہادی کے حامیوں کا اہم ہوائی اڈے پر حملہ

عدن ایئرپورٹ

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسرکاری سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں باغیوں کو عدن سے پسپائی پر مجبور کیا

یمن میں عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت حامی سکیورٹی فورسز نے عدن کی بندرگاہ کے شمال میں واقع ایک ہوائی اڈے کو حوثی باغیوں کے قبضے سے چھڑانے کے لیے ایک بڑا حملہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جلاوطن صدرعبد ربّو منصور ہادی کے حامیوں کی اس کارروائی کے میں کئی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ اڈّہ عسکری اہمیت کا حامل ہے۔

عدن سے 37 میل دور واقع الاناد نامی یہ اڈہ اس سے قبل امریکی فوج کے استعمال میں تھا جو یہاں القاعدہ کے خلاف ڈرون حملوں کی نگرانی کرتے تھے۔

سرکاری فوج کو حالیہ دنوں میں حوثی باغیوں کے خلاف کئی کامیابیاں ملی ہیں۔

جولائی کے آخر میں انھوں نے عدن کے اس حصے میں داخل ہونے کا دعویٰ کیا تھا جو شیعہ باغیوں کے قبضے میں ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق پیر کے حملے میں سرکاری فوج نے سعودی عرب کے فراہم کردہ ٹینکوں اور بکتربند گاڑیوں کو باغیوں کے خلاف استعمال کیا۔

اطلاعات کے مطابق اتحادی طیاروں نے سرکاری فوج کو فضائی مدد فراہم کی۔

اتحادی چار ماہ سے زیادہ عرصے سے حوثی باغیوں کو، جو اب تک دارالحکومت صنعا پر قابض ہیں، اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اس سے قبل باغیوں کی پیشقدمی کی وجہ سے صدر ہادی سعودی عرب میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے۔