ایتھنز سٹاک ایکسچینج دوبارہ کھلنے پر ’20 فیصد کمی‘ کا امکان

،تصویر کا ذریعہGetty
یونان میں تاجروں نے پیش گوئی کی ہے کہ پیر کو پانچ ہفتوں کی بندش کے بعد جب ایتھنز کا سٹاک ایکسچینج دوبارہ کھلے گا تو اس میں 20 فیصد تک کی کمی ہوگی۔
ایتھنز کا سٹاک ایکسچینج اس وقت بند کر دیا گیا تھا جب یونان کی حکومت نے قرضوں کے بحران کے نکتۂ عروج پر مختلف پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
تاجروں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ پیر کو ایتھنز میں جب حصص کا کاروبار پھر سے شروع ہوگا تو یونانی معیشت کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال سے پیدا ہونے والے خدشات کے باعث حصص کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ہوگی۔
ٹیکیز زمینس ’بِیٹا سکیورٹیز‘ میں چیف ٹریڈر ہیں اور وہ بھی اس صورتِ حال پر قنوطیت کے شکار افراد میں سے ایک ہیں۔ان کا کہنا ہے ’اس بات کا امکان صفر ہے کہ کل کسی ایک شیئر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا۔ حکومت کی بیل آؤٹ پیکج پر وقت پر دستخط کر دینے کی قابلیت کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا اور پھر وقت سے پہلے انتخابات کا بھی امکان ہے۔‘
یونانی وزیرِ اعظم ایلیکس تسیپراس کی حکومت کے قریب سمجھے جانے والے اخبار ’آواجی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بینکوں کو سرمایہ فراہم کرنے کے لیے ایتھنز کو دس ارب یوروز چاہیں۔
بینک ایتھنرز کی اہم انڈیکس کا تقریباً پانچ فیصد ہیں۔ جب سے ایتھنز کا سٹاک ایکسچینج بند ہوا ہے، یونان کے قومی بینک کے ان حصص کی قیمتیں جو امریکی فہرست میں شامل ہیں، تقریباً 20 فیصد تک گر گئی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
یونانی فنڈ کے ایک مینیجر نے کہا ’کل تمام تر توجہ بینکوں کے شیئروں پر ہوگی اور وہی زیادہ نقصان اٹھائیں گے کیونکہ اس سیکٹر میں بڑی اور تنظیمی تبدیلیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے حصص کی قدر کم ہونے کا خدشہ ہے۔‘
ان کے مطابق یونانی بینک اس سال منافع نہیں کما سکیں گے کیونکہ مالی بحران کے نتیجے میں وہ برے قرضوں کی وجہ سے نقصان اٹھا رہے ہیں۔ ’حقیقت پسندانہ توقع یہی ہے کہ کل جب بازارِ حصص کھلے گا تو اس میں 15 سے 20 فیصد تک کی کمی ہوگی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگرچہ گزشتہ ماہ یونان نے اپنے قرض دینے والوں کے ساتھ بیل آؤٹ معاہدہ کر لیا ہے، لیکن اسمعاہدے کی شرائط پر ایتھنز میں ہونے والی سیاسی نزع کی وجہ سے وزیرِ اعظم ایلیکس سیپریس مقررہ وقت سے قبل انتخابات کرانے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
اس سال جنوری میں سادگی کے نعرے پر منتخب ہونے والے موجودہ وزیرِ اعظم کی مخلوط حکومت کے اقتدار سنبھالے سے قبل یونانی معیشت کو جو فائدے ملے تھے وہ ختم ہو رہے ہیں۔
یورپی کمیشن کا خیال ہے کہ یونان اس برس پھر کساد بازاری کا شکار ہو جائے گا اور اس کی معیشت دو سے چار فیصد تک سکڑے گی۔ سنہ 2014 سے قبل یونان کی معیشت چھ سال تک معاشی گراوٹ کی حالت میں تھی۔







