اصلاحات کی منظوری، بیل آؤٹ پیکج پر مذاکرات کا آغاز ممکن

یونان نے بیل آؤٹ پیکج کی جانب ایک اور قدم اس وقت بڑھایا جب اس کی پارلیمنٹ نے اصلاحات کے دوسرے مرحلے کی منظوری دی۔
پارلیمنٹ کی جانب سے اصلاحات کی منظوری کے بعد یورپی یونین سے 86 ارب یوروز کے بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے مذاکرات کا آغاز ہو سکتا ہے۔
جن اصلاحات کی منظوری دی گئی ہے ان میں بینکاری اور عدالتی نظام کو ازسرِ نو ترتیب دینا شامل ہے۔
جس وقت پارلیمنٹ ان اصلاحات پر ووٹنگ کر رہی تھی اس وقت پارلیمنٹ کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد ان اصلاحات کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔
یہ مظاہرہ اس وقت پرتشدد ہو گیا جب پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں اور پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔
اس ووٹنگ کے دوران حکمراں جماعت میں بغاوت کا خدشہ تھا لیکن یونان کے وزیراعظم ایلکسس تسیپراس نے باآسانی ان اصلاحات کے حق میں حمایت حاصل کر لی۔
ان اصلاحات کے حق میں 230 ووٹ جبکہ 63 ووٹ مخالفت میں اور پانچ نے ووٹ نہیں کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
جن ارکان پارلیمنٹ نے ان اصلاحات کے خلاف ووٹ دیا ان میں 31 ارکان حکمراں جماعت کے ہیں۔ تاہم یہ تعداد پچھلے ہفتے ہونے والے ووٹ سے کم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یونان کے وزیر اعظم نے ووٹ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یونان پر لگائی جانے والی شرائط سے خوش نہیں ہیں۔
’ہم نے ایک مشکل راستہ اختیار کیا تاکہ ہم اس سے بھی زیادہ سخت شرائط سے بچ سکیں۔‘
یاد رہے کہ پچھلے ہفتے اصلاحات کے پہلے دور کی منظوری پارلیمنٹ نے دی تھی۔
یونانی پارلیمان کی جانب سے منظور کی جانے والی شرائط میں ٹیکسوں اور ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ شامل تھیں۔
یونان کی پارلیمان میں پیش کی جانے والی قرار داد کے حق میں 229 اور مخالفت میں 64 ووٹ ڈالے گئے جبکہ چھ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔







