یونان: ’پیر کو بینک کھل جائیں گے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
یونان میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ پیر کے روز سے ملک میں بینک دوبارہ کھول دیے جائیں گے اور لوگوں کے پیسے نکالنے کی پابندیوں میں بھی نرمی کی جائے گی۔ تاہم اعلان کے مطابق ملک سے پیسے باہر لے جانے پر پابندی برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ گذشتہ جمعرات کو یورپی سنٹرل بینک نے ملک میں حکومت کی جانب سے اصلاحات کے اہم پیکیج کی حمایت کے اعلان کے بعد یونانی بینکوں کو سپورٹ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ جرمنی کی پارلیمان نے جمعے کو یونان اور دیگر یورپی قرض خواہوں کے درمیان مذاکرات کے آغاز کی منظوری دی تھی۔
یونانی حکومت کے اس اعلان سے قبل یونان کے سابق وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ ملک کی اقتصادی اصلاحات ’ناکام ہونے جارہی ہیں۔‘
ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بیل آؤٹ سے متعلق باضابطہ بات چیت کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں سابق وزیرخزانہ وروفاکس کا کہنا ہے کہ یونان جس پروگرام پر عمل پیرا ہے وہ ’تاریخ کی بدترین میکرو اکنامک مینجمنٹ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘
وروفاکس کا کہنا تھا کہ ’جو کوئی بھی اس پر عمل درآمد کا ذمہ دار ہے یہ پروگرام ناکام ہونے جارہا ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کیسے؟ تو ان کا کہنا تھا: ’یہ پہلے ہی ناکام ہوچکا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ یونانی وزیرخزانہ نے رواں ماہ کے آغاز میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، اس حوالے سے قیاس ہے کہ ان کا یہ اقدام یوروزون کے وزرائے خارجہ کی جانب مصالحت پسندی کا اشارہ تھا جس کے ساتھ اکثر ان کے شدید اختلافات رہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یونانی وزیراعظم ایکسس تسیپراس کے پاس بیل آؤٹ تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہ تھا۔
’ہمارے پاس دو ہی راستے تھے مشروط اطاعت قبول کرنا یا مرنا۔ اور انھوں نے فیصلہ کیا کہ مشروط اطاعت قبول کرنا ہی آخری سٹریٹیجی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
دوسری جانب وزیراعظم تسیپراس نے اپنی کابینہ میں رد و بدل کی ہے اور رواں ہفتے پارلیمان میں اصلاحات کے خلاف ووٹ دینے والے کئی وزرا کو برطرف کر دیا ہے۔
وزیر توانائی پناگیوٹس لافزانس کا شمار بھی ان باغی سیاستدانوں میں ہوتا ہے جنھیں تبدیل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم تسیپراس ان کی جگہ ٹیکنوکریٹس یا حزب اختلاف کے سیاستدانوں کو تعینات کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
ایتھنز میں نمائندہ بی بی سی مارک لوبیل کے مطابق اس کے نتیجے میں ان وزرا کی صدارت کریں گے جنھیں اصلاحاتی پروگرام کے بارے میں شدید شبہات ہیں۔
واضح رہے کہ یونان کو بیل آؤٹ کے لیے اگلے بدھ تک اصلاحات کی منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔







