شام: جادو ٹونا کرنے پر دو عورتوں کے سر قلم

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
دولتِ اسلامیہ نے مشرقی شام میں دو عورتوں کے سر قلم کر دیے ہیں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اس تنظیم نے عورتوں کے سر قلم کیے ہوں۔
شامی انسانی حقوق کی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان عورتوں کے ساتھ ان کے شوہروں کو بھی قتل کر دیا گیا ہے۔ مرنے والی ایک عورت کا تعلق دیر الضور کے شہر جبکہ دوسری کا المایدین کے قصبے سے تھا۔
ان تمام افراد پر جادو ٹونا کرنے کا الزام تھا۔
واضح رہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجو اس سے پہلے جنگ میں ہلاک ہونے والی کرد خواتین فوجیوں کی لاشوں کے سر قلم کر چکے ہیں۔
دولتِ اسلامیہ نے عراق میں بھی جادو ٹونا کرنے کے الزام میں کچھ مردوں کے سر قلم کیے تھے۔
اسلامی قوانین کی انتہائی تشریح کرنے والے اس گروہ کی جانب سے ہم جنس پرستوں کو بلند عمارتوں سے زمین پر پھینکنے اور عورتوں کو سنگسار کرنے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔
گذشتہ ہفتے دولتِ اسلامیہ کے عسکریت پسندوں نے روزہ نہ رکھنے پر دو نوجوانوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
واضع رہے کہ جادو ٹونا کرنے کے الزام میں کسی کو قتل کرنا صرف دولتِ اسلامیہ کا انوکھا عمل نہیں ہے، بلکہ سعودی عرب میں سرکاری طور پر کئی مردوں اور عورتوں کے سر اس ’جرم‘ کی پاداش میں قلم کیے جا چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







