برطانیہ کا مجوزہ قومی پرندہ رابن

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
برطانیہ میں ایک جائزے میں دو لاکھ سے زیادہ لوگوں نے رابن کو برطانیہ کے قومی پرندے کے طور پر چنا ہے۔
پرندوں کے ماہر ڈیوڈ لنڈو، جنھوں نے برطانیہ کے قومی پرندے کے لیے یہ مہم چلائی تھی کہتے ہیں کہ رابن ہماری قومی روح میں کرسمس کارڈ پن اپ کی طرح سمو گیا ہے۔
ان کا اب ارادہ ہے کہ وہ حکومت سے کہیں کہ وہ سرکاری طور پر رابن کو قومی پرندہ تسلیم کرے۔
سرخ رنگ کی چھاتی والے اس پرندے کو 34 فیصد ووٹ ملے، جبکہ 12 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر الو اور 11 فیصد ووٹوں کے ساتھ کوئل نما پرندہ بلیک برڈ رہا۔
بی بی سی کے پروگرام سپرنگ واچ کے پریزینٹر ڈیوڈ لنڈو، جنھوں نے یہ منصوبہ گذشتہ برس شروع کیا تھا، کہتے ہیں کہ دوسرے ممالک کی طرح برطانیہ کا بھی کوئی قومی پرندہ ہونا چاہیے۔
یہ ووٹ آن لائن، سکولوں میں بیلٹ بکسوں اور پوسٹ کے ذریعے ڈالے گئے جس میں 224,000 سے زیادہ لوگوں نے حصہ لیا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سب سے پہلے رابن کو دوسرے نو پرندوں کے ساتھ 60 کی فہرست میں سے چنا گیا۔ آخری دس کے لیے ووٹنگ مارچ میں شروع ہوئی اور سات مئی تک جاری رہی۔
دوسرے پرندوں میں رین، سرخ چیل اور کنگ فشر چوتھے، پانچویں اور چھٹے جبکہ میوٹ سوان ساتویں نمبر پر آئی۔ اس کے بعد بلو ٹِٹ، ہین ہیریئر اور پفن آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ڈیوڈ لنڈو نے بی بی سی 4 کے ٹوڈے پروگرام کو بتایا کہ ’رابن ہر جگہ ہے۔ اور میرے خیال میں بہت سے لوگ رابن کو ان پرندوں میں شمار کریں گے جن کو وہ درحقیقت پہچان سکتے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ زیادہ تر ووٹر، تقریباً 60 فیصد، وہ لوگ تھے جو برڈ واچر نہیں تھے اور نہ ہی ان کا تعلق ماحولیاتی تحفظ کی کسی تنظیم سے تھا، مطلب یہ کہ اب بالکل نئے لوگ قدرت میں دلچسپی لے رہے ہیں۔‘







