نیویارک کی جیل سے قیدیوں کا فرار ’بحرانی صورتحال‘ ہے

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی ریاست نیویارک کی ایک انتہائی حساس سکیورٹی والی جیل سے قتل کے دومجرموں کے فرار کو ریاست کے گورنر نے بحرانی صورت حال قرار دیا ہے۔
48 سالہ رچرڈ میٹ کو اغوا اور قتل کے جرم میں عمر قید ہو تھی اور 34 سالہ ڈیوڈ سویٹ کو ایک پولیس افسر کو قتل کرنے پر سزا سنائی گئی تھی۔ ان دونوں نے ڈینومورا میں واقع جیل سے فرار کے لیے جدید برقی آلات سے سٹیل کی دیوار کاٹی تھی۔
گورنر اینڈریو کوومو کا کہنا ہے کہ ’یہ خطرناک لوگ ہیں اور سنگین جرائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
فرار قیدیوں کے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کے لیے ریاست نے ایک لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
گورنر کوومو کے مطابق اس جیل سے گذشتہ ڈیڑھ سو برسوں میں یہ فرار کا پہلا واقعہ ہے۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق قدیوں نے برقی آلات کی مدد سے پہلے حوالات کی سٹیل سے بنی ہوئی دیوار کاٹی اور پھر زیرِ زمین پائپوں کے راستے قریبی سڑک پر واقع مین ہول سے باہر نکل کر فرار ہو گئے۔

،تصویر کا ذریعہna
جمعے کی رات کو فرار ہونے والے قیدیوں نے جیل حکام کو دھوکہ دینے کے لیے بستر ایسے تر تیب دیے ہوئے تھے کہ ان کو دیکھ کر ایسے لگتا تھا کہ جیسے وہ اپنے بستر پر سو رہے ہوں۔
واضح رہے کہ جیل حکام کو قدیوں کے فرار کے بارے میں اگلی صبح پتہ چلا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گورنر کوومو کا کہنا ہے کہ کسی نہ کسی نے تو ان کے فرار کی کوشش کی آواز سنی ہوگی اور جب ان کو دوبارہ گرفتار کیا جائے گا تو اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
’ ہم تفصیل سے اس بات کا جائزہ لیں گے کہ انھوں نے کیا کیا اور کیسے کیا تا کہ دوبارہ ایسا واقعہ رونما نہ ہو۔‘
پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ قیدیوں نے جیل کاٹنے کے لیے آلات کہاں سے حاصل کیے۔
دو سو سے زائد پولیس افسران سراغ رساں کتوں اور ہیلی کوپٹروں کی مدد سے مفرور قیدیوں کو تلاش کر رہے ہیں۔







