یونان آئی ایم ایف کو 75 ارب یورو کی ادائیگی کے لیے پر اعتماد

،تصویر کا ذریعہGetty
یونان کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو آج ختم ہونے والی ڈیڈ لائن تک 75 ارب یورو ادا کر دے گا۔ وزیر معیشت نے آئندہ دو ہفتوں میں نقد رقم کی دستیابی کے لیے ممکنہ بحران سے خبردار کیا ہے۔
وزیر معیشت یانس واروفاکس نے یہ انتباہ پیر کو یوروزون کے مالی امور کے وزرا کے اجلاس کے بعد دیا ہے جس میں یونان کے قرض سے نکلنے کی شرائط پر گفتگو کی گئی ہے۔
اجلاس میں 72 ارب یورو کے لازمی جز کی ادائیگي پر بات کی گئی۔ وزرا نے کہا کہ یونان نے اس سمت میں بہتری کا مظاہرہ کیا ہے تاہم اسے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب یونان کی حکومت قرض کی ادائیگی کے اپنے فرائض کی انجام دہی میں پرشانی کا شکار ہے۔
یونان کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو منگل کی ڈیڈ لائن تک 75 ارب یورو ادا کر دے گا۔
اور دارالحکومت ایتھنس میں سرکاری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس بابت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
یانس نے متبہ کیا ہے کہ اگر قرض دینے والے بین الاقوامی اداروں سے مزید قرضے نہیں ملے تو آنے والے ہفتوں میں ملک میں پیسے کی کمی ہو سکتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
یانس نے کہا کہ ’نقدی کا مسئلہ فوری طور پر توجہ طلب ہے۔ یہ معلومات عامہ ہے اورہمیں ادھر ادھر بھٹکنے کی ضرورت نہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’وقت کے لحاظ سے ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ آنے والے چند ہفتوں میں یہ مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ جون تک یونان کو قرض دینے والوں کے ساتھ اصلاحات کا معاہدہ طے کرنا ہے۔ یونان کی معاشی حالت اس قدر خستہ ہے کہ اسے عوامی اداروں سے امداد کی اپیل کرنی پڑی۔
یوروزون سخت اصلاحات پر زور دیتا ہے جن میں بیل آؤٹ کے بدلے پینشن میں کٹوتی جیسے اقدامات شامل ہے لیکن یونان میں کٹوتی مخالف سائریزا کی قیادت والی حکومت ان سخت اصلاحات کی مخالفت کررہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ایک بیان میں وزیر یانس نے کہا کہ ’انھوں نے ابھی تک ہونے والی پیش رفت کا استقبال کیا ہے‘ لیکن ’ہم لوگوں کا کہنا ہے کہ باقی مسائل کے درمیان کے خلا کو پر کرنے کے لیے مزید وقت اور کوششیں درکار ہیں۔‘
یوروگروپ کے سربراہ جرون دیشلبوم نے کہا کہ یونان کو مزید قرض اسی صورت میں مل سکتے ہیں جب وہ بیل آؤٹ کے متعلق مکمل معاہدہ کرے۔
انھوں نے کہا: ’ہمارے پاس وقت کی کمی ہے، اثاثے کی کمی ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم وقت ختم ہونے یا نقد رقم ختم ہونے سے قبل معاہدہ تک پہنچ جائیں گے۔‘
پہلے اس بات کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ یونان قرض ادا نہیں کرے گا اور یوروزون سے باہر نکل جائے گا۔







