برطانیہ کے شہزادہ ولیم کے ہاں بیٹی کی پیدائش

،تصویر کا ذریعہPA
کنسنگٹن پیلس نے اعلان کیا ہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ڈیچز آف کیمبرج کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
محل سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بچی کی پیدائش برطانوی وقت کے مطابق آج صبح آٹھ بج کر 34منٹ پر ہوئی اور بچہ و زچہ دونوں خیریت سے ہیں۔
بچی کا وزن تقریباً آٹھ پاونڈ بتایا جا رہا ہے اور پیدائش کے وقت شہزادہ ولیم بھی وہاں موجود تھے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
واضح رہے کہ شہزادی کیتھرین سینٹ میری ہسپتال میں داخل تھیں اور وہیں یہ بچی پیدہ ہوئی ہے اس سے پہلے سنہ 2013 میں شہزادے جارج بھی اس ہسپتال میں پیدا ہوئے تھے۔
آج پیدا ہونے والی شہزادی تاجِ برطانیہ کے ولی عہدوں کی فہرست میں اپنے دادا شہزادہ چارلس والد شہزادہ ولیم اور بھائی شہزادہ جارج کے بعد چوتھے نمبر ہیں۔
جمعرات کو ہونے والی ایک سرکاری تقریب میں شہزادہ چارلس نے کہا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ شہزادی کیتھرین کہ ہاں بیٹی کی پیدائش ہو۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس خبر سے بہت خوش ہوئے ہیں اور وہ شہزادے اور شہزادی کو بیٹی کی پیدائش پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
نائب وزیرِ اعظم نک کلیگ نے بھی شاہی جوڑے کو مبارک باد کی ٹویٹ کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حزبِ اختلاف کے رہنما ایڈ ملی بینڈ نے ٹویٹ کی ہے کہ ’ ڈیوک اور ڈیچز کو بیٹی کی پیدائش پر بہت مبارک ہو، ان کو ڈھیر ساری خوشیاں نصیب ہوں، اور امید کرتا ہوں کہ کچھ نید بھی۔‘







