تخت برطانیہ کے تیسرے ولی عہد کی پیدائش پر جشن

برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کے ہاں بیٹے کی پیدائش پر جشن منایا گیا ہے اور شاہی خاندان کو مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
برطانوی شاہی خاندان کے شہزادے کی پیدائش کا جشن منانے کے لیے پیر کی رات ہزاروں کی تعداد میں خیرخواہوں نے بکنگھم کا رخ کیا۔
شاہی خاندان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بیٹے کا وزن آٹھ پاؤنڈ اور چھ اونس ہے۔ جب شاہی بلیٹن بورڈ پر یہ خبر لگائی گئی تو بہت سے لوگ اس بلیٹن بورڈ کے دیکھنے کے لیے جمع ہو گئے۔
شہزادے کی پیدائش کی تقریب بعد میں منائی جائے گی جس میں بندوق کی سلامی اور ویسٹ منسٹر ایبے میں گھنٹی بجانے کی رسم شامل ہے۔
شہزادہ ولیم نے کہا کہ ہمارے لیے اس سے زیادہ خوشی کا اور کیا موقع ہوگا۔
کنسنگٹن پیلس نے کہا کہ مناسب وقت پر بچے کا نام رکھا جائے گا۔
نوزائدہ کی پیدائش کے وقت ڈیوک کیتھرن کے ہمراہ ہسپتال ہی میں تھے۔
یاد رہے کہ کیتھرین نے سینٹ میریز ہسپتال کے اسی ’لنڈو ونگ‘ میں اپنی اولاد کو جنم دیا تھا جہاں خود ان کے شوہر شہزادہ ولیم اور ان کے بھائی شہزادہ ہیری پیدا ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شاہی وراثت کے قانون میں تبدیلی کے بعد اب یہ بیٹا برطانوی تخت کے دعویداروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہوگا۔
بی بی سی کے شاہی نامہ نگار پیٹر ہنٹ کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں کہ شہزادہ مزید کتنے دن ہسپتال میں رہیں گے۔
اس سے قبل شہزادہ ولیم کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کے ہاں بیٹے کی پیدائش کا اعلان بکنگھم پیلس کے باہر ایک بلیٹن آویزاں کر کے کیا گیا۔
بکنگھم پیلس کے مطابق ملکہ برطانیہ بیٹے کی پیدائش پر بہت خوش ہیں۔
کینزنگٹن پیلس کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے ’پیدائش کے وقت شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ تھے۔ ڈچز آف کیمبرج اور بیٹا دونوں خیریت سے ہیں اور وہ رات ہسپتال ہی میں رہیں گے۔‘

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی شاہی جوڑے کو بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد دی۔
اس سے قبل کیٹ میڈلٹن کینزنگٹن پیلس کے مطابق ابتدائی درد زہ کی حالت کے بعد پیڈنگٹن کے علاقے میں واقع سینٹ میریز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
کیٹ کو بذریعہ کار ہسپتال لے جایا گیا اور اس موقع پر شہزادہ ولیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ہسپتال کے اردگرد سخت حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں اور جس وارڈ میں شہزادی کو رکھا گیا ہے اس کے داخلی دروازے پر بھی دو پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار نک وچیل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے صحافی کئی ہفتوں سے سینٹ میریز ہسپتال کے باہر ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔
پرنس ولیم دو ہفتے کی چھٹی پر اپنی اہلیہ کیٹ کے ساتھ ہیں۔ ان دونوں کی شادی اپریل 2011 میں ہوئی تھی۔







