60 لاکھ ڈالر کے تین ٹن ہاتھی دانت پکڑے گئے

ہاتھیوں کے دانت (فائل فوٹو)

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنتھائی لینڈ کے ذریعے ہاتھی دانتوں کی بڑے پیمانے پر سمگلنگ کی جاتی ہے

تھائی لینڈ میں حکام نے سمگل کیے جانے والے تین ٹن ہاتھی دانت اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

تقریباً پانچ سو ہاتھیوں کے یہ دانت چائے کی بوریوں کے نیچے چھپائے گئے تھے۔

یہ ہاتھی دانت کینیا سے براستہ تھائی لینڈ لاؤس لے جائے جا رہے تھے جب انھیں قبضے میں لے لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق جس بحری جہاز مں یہ ہاتھی دانت لے جائے جا رہے تھے وہ 24 مارچ کو کینیا سے چلا تھا جس کے بعد وہ سری لنکا، ملیشیا اور سنگاپور کی بندرگاہوں سے ہوتا ہوا تھائی لینڈ پہنچا تھا۔

ایک ااندازے کے مطابق تین ٹن ہاتھی دانتوں کی قیمت ساٹھ لاکھ ڈالر ہے۔

تھائی لینڈ کے ذریعے ہاتھی دانتوں کی بڑے پیمانے پر سمگلنگ کی جاتی ہے اور حکام پر اسے روکنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

گذشتہ برسوں میں ایشیا میں ہاتھی دانتوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افریقی ہاتھیوں کو مارا گیا ہے۔

چین نے ملک میں ہاتھی دانتوں کی بڑھتی ہوئی مانگ پر تنقید کے بعد ان کی درآمد پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔

گذشتہ ہفتے تھائی حکام نے چار ٹن ہاتھی دانت قبضے میں لیے تھے۔