18 ماہ کی بچی دریا میں سے 14 گھنٹے بعد زندہ برآمد

امریکہ میں 18 ماہ کی ایک بچی کو دریا میں گرنے والی گاڑی میں سے 14 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا۔
یہ واقعہ امریکہ کی ریاست یوٹا میں پیش آیا جہاں ایک گاڑی دریا میں گر گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ایک مقامی ماہی گیر نے 18 ماہ کی بچی کو گاڑی کے اوپر کار سیٹ پر لٹکے ہوئے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی۔
بچی کو فوری طور پر لیک سٹی کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اب ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔
اس حادثے میں بچی کی 25 سالہ ماں ہلاک ہو گئی ہیں۔ انھیں گاڑی کی سیٹ پر مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔
تفتیشی اہلکاروں کے خیال میں جمعے کو گاڑی حفاظتی پشتے سے ٹکرانے کے بعد سپینش فوک دریا میں گر گئی تھی۔
ایک مقامی ماہی گیر نے سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 پر بچی کو پانی میں تیرتی ہوئی گاڑی کے اوپر دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو آگاہ کر دیا۔
پولیس کے تین اور فائر بریگیڈ کے چار اہلکار دریا میں اترے اور بچی کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت تک اس واقعے کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی جائے گی جب تک بچی کی حالت بہتر نہیں ہو جاتی۔
پولیس حکام نے بچی کا نام بتانے سے بھی گریز کیا ہے۔







