روس: بدعنوان افسران کے لیے تربیتی خاکہ

،تصویر کا ذریعہLosinoostrovsky district council
روسی دارالحکومت ماسکو میں حکومت نے حکام کو بدعنوانی سے روکنے کے لیے ایک خاکے کا سہارا لیا ہے جو انھیں اس موضوع کے بارے میں تعلیم دیتا ہے۔
’لویستیا‘ اخبار کے مطابق ’بدعنوانی کے خلاف جنگ‘ نامی اس خاکے کے ذریعے نے اب تک تیس ہزار حکام کو رشوت نہ لینے کی تعلیم دی جا چکی ہے۔
اس خاکے کو سرکاری ’ماسکو سٹی یونیورسٹی‘ کے مینجمنٹ کے شعبے کے ارکان نے بنایا ہے اور خاکے میں مختلف افراد کو مشکل صورتحال میں ڈالا جاتا ہے اور پڑھنے والوں کو بتایا جاتا ہے کہ ایسے حالات میں کیا رد عمل ہونا چاہیے۔
اس خاکے میں حکام کو بدعنوانی سے خبردار رہنے والے واقعات بھی موجود ہیں۔ خاکے کے ایک حصے میں حکام کو بتایا جاتا ہے کہ وہ پچاس ڈالر سے کم قیمت کے تحفے قبول کر سکتے ہیں لیکن ایک ہی شخص سے بار بار تحفے نہیں لے سکتے۔
خاکا بنانے والے افراد کا کہنا ہے کہ اسے اس لیے بنایا گیا ہے کیونکہ اس خاکے میں پیش کیے جانے والا مواد دیکھنے والوں کے لیے کشش رکھتا ہے۔ ماسکو یونیورسٹی کی ایک ترجمان اولگا ولادیمیرووانے کہا کہ ’ہمارا مقصد قانون سازی کی زبان سے ہٹ کر ایک دلچسپ طریقے سےلوگوں کو بدعنوانی نہ کرنے کے بارے میں بتانا ہے۔‘
لویستیا اخبار کا کہنا ہے کہ شہر کے میئر کے نائبوں سمیت دیگر اعلٰی حکام کو بھی یہ ٹریننگ دی گئی ہے۔



