تائیوان کے سابق صدر کی رہائی ٹریفک جام کی وجہ سے ملتوی

تائیوان کےسابق صدر منی لانڈرنگ کے الزام میں 20 سال کی جیل کاٹ رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنتائیوان کےسابق صدر منی لانڈرنگ کے الزام میں 20 سال کی جیل کاٹ رہے ہیں

تائیوان کے سابق صدر کی رہائی سے متعلق کاغذات کو جیل لے کر جانے والے پیغام رساں کے ٹریفک میں پھنس جانے کی وجہ سے سابق صدر کی رہائی ملتوی ہوگئی ہے۔

سابق صدر چن شی بدعنوانی کے جرم میں قید ہیں۔ ان کو سالِ نو کی شام پر طبی بنیاد پر پیرول پر رہا کیے جانے کی توقع کی جا رہی تھی۔

لیکن چھٹیوں کی ٹریفک کی وجہ سے ان کی رہائی سے متعلق کاغذات دیر سے جیل میں پہنچے جس پر غور کرنے کے لیے بہت دیر ہو گی۔

سابق صدر کی پیرول کی درخواست پر اب پیر کو غور کیا جائے گا۔

مسٹر چن کی حمایت کے لیے تقریباً 300 لوگ جیل کے باہر کھڑے تھے۔

وزارت انصاف نے دوپہر کو مسٹر چن کی طبی بنیادوں پر پیرول پر رہائی سے متعلق کاغذات جیل روانہ کیے لیکن چھٹیوں کی ٹریفک کی وجہ سے کاغذات دیر سے پہنچےجس کی وجہ سے حکام کو ان کاغذات پر غور کرنے کا وقت نہیں ملا۔

حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کی رہائی کی درخواست کو نئے سال کی چھٹیوں کے بعد اب پیر کے دن نمٹایا جائے گا۔

مسٹر چن منی لانڈرنگ کے جرم میں 20 سال قید کاٹ رہے ہیں۔ انھیں صدارت کی دوسری ٹرم کے اختام پر ہی مجرم قرار دے دیا گیا تھا۔

سابق صدر کے صحت ٹھیک نہیں ہے اور وہ ڈپریشن اور پارکنسن جیسی بیماریوں کا شکار ہیں۔انھوں نے حکام کو طبی بینادوں پر رہائی کی درخواست کی تھی۔ پچھلے سال انھوں نے خود کشی کی بھی کوشش کی۔

مسٹر چن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان خلاف قائم مقدمات کے سیاسی محرکات ہیں۔ سابق نائب صدر مس لو نے اسی سلسلے میں مسٹر چن کی صحت کی طرف توجہ دلانے کے لیے بھوک ہڑتال کی تھی۔