سیئیرا لیون: شمالی علاقوں کو تین روز کے لیے بند کردیا گیا

،تصویر کا ذریعہEPA
افریقی ملک سیئیرا لیون نے ایبولا وائرس پر قابو پانے کے لیے ملک کے شمالی علاقوں کو کم از کم تین روز کے لیے بند کردیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز سفری سروسز کو بند کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل حکام نے کرسمس کی تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق مغربی افریقہ میں ایبولا وائرس سے 7500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سیئیرا لیون سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
یاد رہے کہ سیئیرا لیون میں اب تک 9000 ایبولا کے کیسز سامنے آئے ہیں اور 2400 افرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سیئیرا لیون کے علاوہ لائبیریا اور گنی بھی ایبولا سے متاثر ہوئے ہیں۔
سیئیرا لیون کے شمالی علاقہ جات کے وزیر علی کمارا نےفرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ زیادہ تر عوامی تقریبات منسوخ کردی جائیں گی۔
’مسلمانوں اور عیسائیوں کو تین روز کے لیے مساجد اور گرجوں میں اجتماع نہیں کرنے دیا جائے گا۔ تاہم عیسائیوں کو صرف کرسمس پر چرچ جانے کی اجازت ہو گی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا مزید کہنا تھا کہ تین روز کے لیے کوئی گاڑی بلا اجازت سڑک پر نہیں آئے گی ماسوائے ان گاڑیوں کے جو ایبولا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ بندش تین روز کے لیے ہے لیکن اس کو بعد میں بڑھائے جانے کے امکانات بھی ہیں۔







