ایبولا سے متاثر افراد کی لاشیں سر عام چھوڑ دی گئیں

موت کے بعد بھی ایبولا کا وائرس کچھ دیر تک جسم میں رہتا ہے اور اس دوران وہ دوسرے لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے

،تصویر کا ذریعہbbc media action

،تصویر کا کیپشنموت کے بعد بھی ایبولا کا وائرس کچھ دیر تک جسم میں رہتا ہے اور اس دوران وہ دوسرے لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے

سیئرا لیون کے شہر کینیما میں گورکنوں نے ایبولا سے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو سنبھالنے پر تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے لاشوں کو سر عام چھوڑ دیا ہے۔

احتجاجی کارکنوں نے شہر کے مرکزی ہسپتال میں لاشیں چھوڑ دیں۔

اطلاعات کے مطابق ایک لاش کو ہسپتال کے مینیجر کے دفتر کے باہر چھوڑ دیا گیا اور دو لاشوں کو ہسپتال کے داخلی دروازے کے باہر رکھ دیا گیا۔

سیئرا لیون ایبولا کی وبا سے متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے اور وہاں پر تقریباً 1200 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ایبولا کے متاثرین کی لاشیں دفنانے والے کارکنوں کو اس وائرس سے متاثر ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

کینیما نہ صرف سیئرا لیون کا تیسرا بڑا شہر ہے بلکہ مشرقی افریقہ کا بھی اہم شہر ہے اور یہیں پر ایبولا کی وبا نے جڑیں پکڑی تھیں۔

ان کارکنوں نے بی بی سی کے نامہ نگار کو بتایا کہ انھیں لاشیں دفنانے کے لیے اکتوبر اور نومبر میں اتفاق سے منظور کیے جانے والی اضافی خطرے کا الاؤنس ادا نہیں کیا گیا۔

فری ٹاؤن شہر میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار اومارو فوفانہ کا کہنا ہے کہ لاشیں اب اٹھا لی گئی ہیں لیکن کارکنوں کا احتجاج اب بھی جاری ہے۔

،تصویر کا ذریعہepa

ہسپتال یا سیئرا لیون کی وزارتِ صحت کی جانب سے اس سلسلے میں اب تک کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا۔

اس احتجاج سے دو ہفتے قبل جنوبی سیئرا لیون میں ایبولا کے اکلوتے ہسپتال میں بھی اسی مسئلے پر احتجاج کیا گیا تھا۔

عالمی ادارۂ صحت نے ایبولا کو صحت کی عالمی ایمرجنسی قرار دے دیا ہے۔

ایبولا جسمانی رطوبتوں جیسے خون، پسینہ اور تھوک سے پھیلتا ہے، اور موت کے بعد بھی اس وائرس کے جراثیم کچھ دیر تک جسم میں رہتے ہیں اور اس دوران یہ اتنے ہی خطرناک ہوتے ہیں جتنے کسی زندہ مریض میں۔

اس لیے ایبولا کے مریضوں کے لاشوں کو چھونے والوں کو اس وبا سے متاثر ہونے کے بہت زیادہ امکانات ہوتے ہیں اور وہ عام طور پر حفاظتی لباس پہتے ہیں۔

صحت کے ماہرین کہتے ہیں کہ ایبولا سے ہلاک ہونے والے لوگوں کو فوری طور پر دفن کیا جانا چاہیے تاکہ انفیکشن پھیلنے کے خطرات کم سے کم ہو سکیں۔