مراکش افریقی کپ آف نیشنز کی میزبانی سے دستبردار

،تصویر کا ذریعہGetty
افریقی فٹ بال کنفیڈریشن (سی اے ایف) نے تصدیق کر دی ہے کہ ایبولا کے خوف کی وجہ سے مراکش سنہ 2015 میں منعقد ہونے والے افریقی کپ آف نیشنز کی میزبانی نہیں کرے گا۔
مراکش نے بطور میزبان ہی 17 جنوری سے لے کر 8 فروری تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینا تھا لیکن اب اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا تھا۔
سی اے ایف نے مراکش کی جگہ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے کوئی نیا نام پیش نہیں کیا ہے۔
کنفیڈریشن کا کہنا ہے کہ مقابلے کی میزبانی کرنے کے لیے اس کے پاس ’کچھ ممالک سے درخواستیں آئی ہیں۔‘
مراکش نے ان مقابلوں کو سنہ 2016 تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی تاہم افریقی تنظیم نے اسے فیصلہ کرنے کے لیے سنیچر 8 نومبر تک کی حتمی مہلت دی تھی۔
سی اے ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کا کہنا ہے کہ مقابلے کی میزبانی کے لیے ملنے والی درخواستوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہے کہ وہ جلد ہی نئے میزبان کا نام عالان کرے گی۔
مراکش نے خطرہ ظاہر کیا تھا کہ مغربی افریقہ میں موجود ایبولا کی وبا تماشائیوں کے ایک ملک سے دوسرے ملک سفر کی وجہ سے براعظم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل سکتی ہے۔
چار نومبر تک افریقہ میں پانچ ہزار کے قریب افراد ایبولا کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وقت یہ وبا تین ممالک سیرالیئون، لائبیریا اور گنی میں زوروں پر ہے۔



