فائرنگ سے جنوبی افریقہ کی فٹبال ٹیم کا کپتان ہلاک

سیزو میوا کو جب ہستپال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسیزو میوا کو جب ہستپال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیا

جنوبی افریقہ میں پولیس حکام کے مطابق ملک کے قومی فٹبال ٹیم کے کپتان اور گول کیپر سینزو میوا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب میں واقع واسلورز میں سینزو کی گرل فرینڈ کے گھر میں پیش آیا۔

27 سالہ سینزو اورلینڈو پائریٹس کلب کے لیے بھی کھیلتے تھے اور انھوں نے گذشتہ چار افریقہ کپس میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی تھی۔

جنوبی افریقہ کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے دو افراد گھر کے اندر داخل ہوئے جبکہ ایک باہر کھڑا رہا۔

گولیاں چلنے کے بعد تینوں افراد بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ مقامی میڈیا نے اسے ڈکیتی کا واردات قرار دیا ہے۔

اس واقعے کے مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے معلومات فراہم کرنے پر 14 ہزار ڈالر کا انعام رکھا گیا ہے۔

سیزو میوا کو جب ہستپال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیا۔

انھوں نے سنہ 2005 جوہانسبرگ کے ضلعے پارک ٹاؤن میں اورلینڈو پائریٹس کے لیے کھیلنا شروع کیا تھا۔

اورلینڈو پایریٹس کے چیئرمین اروِن خوزا نے کہا کہ ’آپ جس پہلو سے بھی دیکھیں، سیزو کے خاندان، پائریٹس یا قوم کے نقطۂ نظر سے، یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے۔‘

گذشتہ سال پائرٹس کے اے ایف چیمپیئنز لیگ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔