پسٹوریئس کو پانچ برس قید کی سزا

ریوا سٹین کیمپ کے والدین نے پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنریوا سٹین کیمپ کے والدین نے پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے

جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو گذشتہ برس اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ کوغلطی سے قتل کرنے کے جرم میں پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

جج تھوكوسیل ماسيپا نے آسکر پسٹوریئس کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں تین سال کی معطل سزا کا اعلان کیا ہے۔

ریوا سٹین کیمپ کے والدین نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا پر خوش ہیں۔

پسٹوریئس کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے موکل کو دس ماہ جیل میں اور باقی سزا کمیونٹی سروس اور گھر میں نظر بندی کی صورت میں کاٹنی ہو گی۔

مقدمے کی طویل سماعت کے بعد جج نے پسٹوریئس کو ارادتاً قتل کےالزام سے بری کیا تھا لیکن انھیں قتلِ خطا کا مجرم قرار دیا تھا۔

پسٹوريئس پر الزام تھا کہ انھوں نےگذشتہ سال ویلنٹائن ڈے کے موقع پر 29 سالہ ریوا سٹین کیمپ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

مقدمے کے دوران پسٹوریئس کا موقف تھا کہ جب بیت الخلا کے دروازے پر فائرنگ کی تو یہ ان کی غلطی تھی لیکن اس وقت وہ یہی تصور کر رہے تھے کہ ان کے مکان میں کوئی گھس آیا ہے۔

جج ماسیپا کا کہنا تھا کہ استغاثہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ پسٹوریئس نے جان بوجھ کر ریوا کیمپ کو باتھ روم میں قتل کیا۔

عدالت نے پسٹوریئس کو ریستوران میں ہتھیار کے غلطی سے استعمال کا مجرم بھی قرار دیا ہے۔