آسکر پسٹوریئس پر مقدمے کی تاریخ کا اعلان

جنوبی افریقی کی ایک عدالت نے ایتھلٹ آسکر پسٹوریئس پر اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ کو جان بوجھ کر قتل کرنے کا مقدمہ چلانے کی تاریخ طے کر دی ہے۔
مقدمے میں استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ مقدمے کے لیے 3 سے 20 مارچ کے درمیان تاریخیں مقرر کی گئیں ہیں۔
وکیل استغاثہ نےآسکر پسٹوریئس پر فردِ جرم کی کاپی بھی دی۔
واضح رہے کہ آسکر پسٹوریئس کو اپنی گرل فرینڈ کے قتل کے مقدمے کا سامنا ہے۔ حالانکہ آسکر پسٹوریئس نے اپنی گرل فرینڈ کے قتل سے انکار کیا اور کہا کہ ان سے گولی غلطی فہمی سے چلی کیونکہ انہیں لگا تھا کہ کوئی زبردستی گھر میں گھس آیا ہے۔
انھیں فروری میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا جس کہ بعد انھوں نے معمولی تربیت بھی شروع کی ہے۔
پیر کو سماعت کے دوران وکیل استغاثہ گیری نیل نے یہ بھی کہا کہ وہ اس مقدمے کو ہائی کورٹ میں منتقل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں’ہم نے فردِ جرم تیار کر لیا ہے۔‘
بی بی سی کے انڈریو ہارڈنگ کا کہنا ہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران آسکر پسٹوریئس سنجیدہ تھے اور سماعت شروع ہونے سے پہلے انھیں روتے ہوئے اپنے بہن بھائیوں کے ہاتھ پکڑے دیکھا جا سکتا تھا۔
آسکر پسٹوریئس پر غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کا فردِ جرم بھی عائد کیا گیا ہے۔
آسکر پسٹوریئس کو ’بلیڈ رنر‘ کہا جاتا ہے اور وہ دونوں ٹانگوں سے محروم واحد ایتھلیٹ ہیں جنھوں نے اولمپکس میں حصہ لیا ہے۔
وہ 2012 کے لندن اولمپکس میں 400 میٹر کی دوڑ میں سیمی فائنل تک پہنچے تھے۔ پیرالمپکس میں انھوں نے T44 200 میں چاندی کا تمغہ، 4x100 ریلے میں سونے کا تمغہ، اور T44 400 میں سونے کا تمغہ جیت کر پیرالمپک ریکارڈ قائم کیا تھا۔
فروری میں پسٹوریئس کی گرفتاری نے جنوبی افریقہ کے عوام کو حیران کر دیا کیونکہ وہ ان کو کھیلوں کے قومی ہیرو مانتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کی پولیس نے آسکر پسٹوریئس پر باضابطہ الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنی گرل فرینڈ کو قتل کیا ہے۔

دوسری جانب سے پسٹوریئس کا دعویٰ ہے کہ وہ فائرنگ سے چند لمحے قبل تک سو رہے تھے اور دونوں کے درمیان کسی قسم کی کوئی لڑائی یا بحث نہیں ہوئی تھی۔
ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں اب زیادہ انحصار غسل خانے میں فائرنگ کے ثبوت پر ہے جہاں ریوا سٹین کیمپ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
ایک جنوب افریقی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ کم از کم کچھ فورنزک ثبوت پیٹرئیس کے موقف کو تقویت دے رہے ہیں۔
تاہم توقع ہے کہ وکیلِ استغاثہ ایک گواہ کو پیش کریں جو یہ کہے گا کہ پیٹرئیس پر اسلحے کا بھوت سوار تھا اور وہ اکثر اپنی گرل فرینڈ سے تکرار کرتا ہے۔
گذشہ ہفتے پولیس نے ریوا سٹین کیمپ کی چھ مہینے تک چلنے والی تحقیقات بند کر دیں۔
جنوبی افریقہ کے قومی پولیس کمشنر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ’جنوبی افریقہ کی پولیس پرامید ہے کہ انصاف کا بول بالا ہوگا۔‘



