ایم ایچ 17 طیارہ، روس نے ’خفیہ گواہ‘ پیش کر دیا

،تصویر کا ذریعہAFP
روس کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ انھیں یوکرین کے ایک اہل کار نے اس بات کا ثبوت فراہم کیا ہے کہ رواں برس جولائی میں ملائیشیا کے تباہ ہونے والے طیارے کو شاید یوکرین کی فضائیہ نے مار گرایا تھا۔
ایک ’خفیہ عینی شاید‘ نے روسی اخبار کو رواں ہفتے بتایا کہ سُو 25 لڑاکا پائلٹ نے غلط طیارے پر فضا سے فضا میں مار کرنے والا میزائل داغا۔
دوسری جانب یوکرین کی حکومت نے اس دعوے کو جھوٹ قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس 17 جولائی کو ملائیشیا کی پرواز ایم ایچ 17 ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جا رہی تھی کہ روسی سرحد میں داخل ہونے سے قبل گر کر تباہ ہو گئی تھی۔
یہ طیارہ لوہانسک کے علاقے کراسنی اور دونیتسک کے درمیان گر کر تباہ ہوا اور اس پر سوار تمام 283 مسافر اور عملے کے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس طیارے کی تباہی کا شک سب سے پہلے روسی ساختہ بک میزائل پر کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ باغیوں نے روس سے حاصل کردہ بک میزائل کی مدد سے ملائیشیا ائیر لائن کی پرواز ایم ایچ 17 کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ملائیشیا کے تباہ ہونے والے طیارے کی تفتیش کرنے والی انکوائری کمیٹی کے سربراہ فریڈ ویسٹربیک نے ہالینڈ کے براڈ کاسٹر این او ایس کو سنیچر کو بتایا ’اس بات کے متعد اشارے‘ ملے ہیں کہ روس سے حاصل کردہ بک میزائل کی مدد سے ملائیشیا ائیر لائن کی پرواز ایم ایچ 17 کو نشانہ بنایا گیا۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام امکانات کو کھلا رکھا جا رہا ہے جس میں فضا سے اس طیارے کو تباہ کیے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روسی حکام پہلے ہی یہ تجویز پیش کر چکے ہیں کہ یوکرین کے لڑاکا طیارے نے ملائیشین طیارے کو مار گرایا تھا تاہم جب سرکاری ٹی وی نے اس طیارے کی تصویر دکھائی جس میں اس طیارے کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم اس دعوے کو جعلی قرار دیا گیا۔
روس کی جانب سے پیش کیا جانے والا تازہ ترین ثبوت اس وقت سامنے آیا جب ایک شخص نے روسی اخبار سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ایم ایچ 17 طیارے مار گرایا گیا تو وہ اس وقت یوکرین کے شہر کے قریب ایئرپورٹ پر موجود تھا۔
روسی حکام کو انٹرویو دیتے ہوئے اس شخص کی آواز کو ڈیجیٹل طور پر تبدیل کیا گیا۔
اس شخص کا کہنا تھا کہ ایم ایچ 17 طیارے کے تباہ ہونے سے پہلے سُو 25 نامی طیارے جس میں فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل موجود تھے نے اڑان بھری۔
اس شخص نے پائلٹ کا نام کپٹن وولوشائن بتایا اور کہا کہ وہ بہت خوفزدہ تھا۔
اس شخص کا طیارے کے پائلٹ کے حوالے سے کہنا تھا کہ پائلٹ کے بقول ’جہاز غلط وقت پر اور غلط جگہ پر تھا۔‘
اس شخص کے تبصرے کو منگل کو روس کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا جس کے بعد روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے فوراً اعلان کیا کہ وہ اس شخص کے انٹرویو کا جائزہ لے گی۔
روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے ترجمان ویلادمیر مارکن نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ تفتیش کاروں نے اس شخص سے ملاقات کی ہے اور اس شخص نے پولی گراف کا ٹیسٹ بھی پاس کیا ہے۔
روس کی خبر رساں ایجنسی انٹر فیکس نے مارکن کے حوالے سے بتایا کہ عینی شاید کا ثبوت نہ صرف بہت اہم ہے بلکہ یہ اس بات کو بھی ثابت کرتا ہے کہ یوکرین کی مسلح افواج اس طیارے کو مار گرانے میں شامل ہیں۔







