17MH: ’مسافر نے آکسیجن ماسک پہن رکھا تھا‘

،تصویر کا ذریعہAFP
ولندیزی وزیرِخارجہ فرنس تیمر منس نے کہا کہ ملائیشیئن ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 17 کے 298 ہلاک شدہ مسافروں میں سے ایک کے بارے میں پتا چلا ہے کہ اس نے آکسیجن ماسک پہن رکھا ہوا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اس سے اشارہ ملتا ہے کہ طیارے کو میزائل لگنے سے تمام مسافر فوری طور پر ہلاک نہیں ہوئے۔
ایک ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ طیارہ ایک تیز رفتار چیز کے ٹکرانے کے نتیجے میں فضا ہی میں پھٹ گیا تھا۔
تیمرمنس نے اب کہا ہے کہ انھیں یہ بات کہنے پر افسوس ہے جس سے مسافروں کے لواحقین کو تکلیف پہنچی۔
انھوں نے اپنے اس بیان کے فوری بعد کہا کہ ’میں بالکل نہیں چاہوں گا کہ ان کی تکلیف میں اضافہ کروں۔ مجھے یہ نہیں کہنا چاہیے تھا۔‘
ولندیزی سرکاری وکیل استغاثہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک آکسیجن ماسک ملا ہے جو ایک مسافر کی گردن کے گرد الاسٹک کے ساتھ بندھا ہوا تھا۔ اس کے ڈی این اے اور انگلیوں کے نشانات کے ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
یہ طیارہ ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور کے لیے 17 جولائی کو پرواز کر رہا تھا کہ مشرقی یوکرین میں باغیوں کے قبضے میں علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
روس نواز باغی اسے میزائل کے ذریعے مار گرانے کے الزام سے انکار کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرکاری وکیل نے جمعرات کو بتایا کہ اگرچہ 196 مسافر ولندیزی تھے لیکن جس مسافر نے آکسیجن ماسک پہنا ہوا تھا وہ ولندیزی نہیں تھے۔
ولندیزی میڈیا نے ان شخصیت کے بارے میں کہا ہے کہ ان کا تعلق آسٹریلیا سے تھا اور اور ان کے خاندان کو اطلاع کر دی گئی ہے۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ اس طیارے کے مسافروں میں سے کسی نے بھی آکسیجن ماسک نہیں پہنا ہوا تھا مگر اس مسافر نے جو ماسک پہنا ہوا تھا وہ ایک بوئنگ 777 طیارے کا تھا، مگر اس مسافر نے کیسے پہنا، اس بارے میں کچھ معلوم نہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ولندیزی وزیرخارجہ کچھ عرصے میں اپنے عہدے کو چھوڑ کر یورپیئن کمیشن کے صدر یان کلوڈ ینکر کے اہم معاون بننے والے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے تیمر منس نے طیارے پر سوار مسافروں کے آخری لمحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب انھیں احساس ہوا کہ طیارہ گر رہا ہے اور انھوں نے سوچا ہو گا اور ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھا ہو گا آخری بار ایک غیر واضح الوداع کہا ہو گا۔‘
جب ان سے بدھ کی رات ایک ٹی وی پروگرام میں پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے حالات کی ایسی تصویر کشی کی جو حقیقت پر مبنی نہیں تھی تو انھوں نے جواب دیا کہ ’جی بالکل،‘ جس پر ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اس بارے میں درست کہہ رہے ہیں؟
انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ مسافروں کو ضروری نہیں کہ پتہ ہو کہ کب میزائل طیارے سے لگا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
اور اس میں اضافہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’کیا آپ کو پتہ ہے کہ کوئی ایسا بھی مسافر تھا جس نے اپنے چہرے پر آکسیجن ماسک پہنا ہوا تھا تو ان کے پاس اتنا وقت تھا کہ وہ ماسک پہن سکتے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ان 298 مسافروں کے آخری لمحات کے بارے کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔
یاد رہے کہ ایم ایچ17 کی تباہی کے بارے میں سرکاری تحقیقات میں کسی مسافر کے آکسیجن پہننے کے بارے میں کوئی ذکر نہیں تھا۔
تاہم کئی ماہرین اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ طیارہ اتنی جلدی پھٹ گیا تھا کہ مسافروں کو شاید ہی کچھ پتہ چل پایا ہو۔
مسافروں کے خاندان اس بارے میں غصے میں ہیں کہ انھیں آکسیجن ماسک کے بارے میں پہلے کیوں نہیں بتایا گیا مگر انھیں سرکاری وکیل نے بتایا کہ کہ اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکالا جا سکتا۔

،تصویر کا ذریعہEPA
تیمرمنس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حادثہ ان کے دل کے بہت قریب ہے اور یہ کہ وہ ’لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی رکھتے ہیں۔‘
اگرچہ تفتیش کار اس علاقے میں جاری لڑائی کی وجہ سے جائے حادثے کا دورہ نہیں کر سکے تاہم انھوں نے جائے حادثہ پر طیارے کے بلیک باکس ڈیٹا ریکارڈر، ایئر ٹریفک کنٹرول اور سیٹیلائٹ تصاویر سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنا پر یہ بنیادی رپورٹ تیار کی ہے۔
رپورٹ کا کہنا ہے کہ ’طیارہ فضا میں ہی ٹوٹ گیا تھا، اور شاید اس کی وجہ یہ تھی کہ یہ باہر سے تیز رفتاری کے ساتھ آنے والی متعدد اشیا سے ٹکرایا تھا۔‘
ماہرین کا کہنا ہے کہ کاک پٹ میں آواز کو ریکارڈ کرنے والے آلے سے کسی قسم کی تکنیکی خرابی یا ہنگامی صورت حال کی نشاندہی نہیں ہوتی۔







