اوباما کی امیگریشن اصلاحات کی شدید مخالفت

،تصویر کا ذریعہAP
امریکہ میں ایوان نمائندگان کے رپبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے سپیکر جان بوہینر نے امریکی صدر براک اوباما کے اپنے صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے امیگریشن اصلاحات کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔
امریکہ کی قدامت پسند پارٹی کے رہنما نے کہا کہ صدر کے ان اقدامات نے متفقہ قانون سازی کے امکانات کو تباہ کر دیا ہے اور اپنی صدارت کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
صدر اوباما کی امیگریشن اصلاحات کے تحت چالیس لاکھ غیر قانونی تارکیں وطن اب امریکہ میں کام کرنے کے اجازت نامے یا ورک پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔
لیکن رپبلکن سپیکر بوہینر کا خیال ہے کہ اس اعلان سے غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
سپیکر نے جمعہ کو اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’: ہم نے امیگریشن کے نظام کو تباہ کر دیا ہے اور امریکی عوام ہم سے توقع کرتے ہیں کہ اس کو ٹھیک کریں۔‘ انھوں نے کہا کہ صدر اوباما نے یہ اعلان یک طرفہ طور پر ایک بادشاہ کی طرح کیا ہے اور جمہوری طرز عمل اختیار نہیں کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ اوباما امریکی شہریوں کی خواہشات کو نہیں سمجھ سکے۔ انھوں نےکہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ صدر نے کانگریس کی مرضی کے خلاف فیصلہ کیا ہو۔
بوہینر کا کہنا تھا کہ ’وہ سارا سال صدر کو متنبہ کرتے رہے ہیں کہ صحت عامہ کے قوانین کے بارے میں یک طرفہ فیصلہ کرنے اور امیگریشن قوانین کو صدارتی اختیارت استعمال کر کے نافذ کرنے کی دھمکیاں دینے سے وہ پارلیمان میں مل جل کر کام کرنے اور قانون سازی کرنے کے لیے ضروری اعتماد سازی کے عمل کو ناممکن بنا رہے ہیں۔‘
آج ہی رپبلکن ارکان نے صدر اوباما کی ہیلتھ کیئر اصلاحات جنہیں عام زبان میں اوباما کیئر بھی کہا جاتا ہے کے کچھ حصوں کی قانونی حیثیت کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدر اوباما کی امیگریشن اصلاحات کے تحت ایسے والدین جن کے پاس قانونی طور پر امریکہ میں رہائش کی دستاویزات نہیں ہوں گی مگر ان کے بچے قانوناً امریکی شہریت رکھتے ہوں گے وہ امریکہ میں تین سال کے لیے ورک پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق ایک کروڑ گیارہ لاکھ تارکیں وطن امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔
صدر اوباما کی اصلاحات سے چالیس لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا۔







