جاپان کی معیشت میں گراوٹ، جلد انتخابات کا امکان

،تصویر کا ذریعہREUTERS
دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت جاپان میں لگاتار دوسری سہ ماہی میں امید کے برعکس گراوٹ درج کی گئي ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وزیر اعظم قبل از وقت انتخابات کا اعلان کریں گے۔
تیسری سہ ماہی میں گراوٹ کی وجہ سے ماہرین کے مطابق معیشت میں ایک قسم کی تکنیکی گراوٹ آئی ہے۔
جاپان کی مجموعی پیداوار جولائی سے ستمبر کے دوران 2.1 فیصد کے اضافے کی تخمینے کے برعکس 1.6 فیصد نیچے چلی گئی ہے۔
اس کے بعد دوسری سہ ماہی میں معاشی ترقی کے فروغ کا نیا تخمینہ 7.3 فی صد کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مارچ سنہ 2011 میں زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں جاپان کی معیشت میں آنے والی ترقی میں کمی کے بعد یہ سب سے بڑی گراوٹ ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کمزور معاشی اعداد و شمار کے باعث سیلز ٹیکس میں اضافے میں تاخیر کا امکان ہے۔
ایسے میں یہ کہا جا رہا ہے جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے قبل از وقت انتخابات کرائیں گے تاکہ سیلز ٹیکس کے اضافے میں تاخیر کی جا سکے۔ واضح رہے کہ جاپان میں انتخابات سنہ 2015 میں ہونے والے تھے۔

،تصویر کا ذریعہREUTERS
سنہ 2012 میں سابقہ حکومت نے سیلز ٹیکس کو دس فیصد تک کرنے کے لیے قانون منظور کیا تھا تاکہ جاپان کے زبردست سرکاری قرض پر روک لگائی جا سکے۔ ترقی یافتہ ممالک میں جاپان سب سے زیادہ مقروض ملک ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپریل میں سیلز ٹیکس میں اضافے کے پہلے مرحلے میں ٹیکس کو پانچ فی صد سے بڑھا کر آٹھ فی صد کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے دوسری سہ ماہی میں ترقی کی شرح متاثر ہوئي تھی اور اب بھی اس کا اثر معیشت پر نظر آ رہا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق تیسری سہ ماہی میں گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے ترقی کی شرح میں 0.4 فی صد کی کمی درج کی گئی ہے۔
حالیہ معاشی اشاریے جاپان کی سست رو معیشت کی جانب اشارہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹیکس میں اضافے پر سوالیہ نشان لگتا نظر آ رہا ہے۔
سینيئر ماہر معاشیات گلین لیون نے کہا: ’جاپان کی معیشت تنزلی کا شکار ہے اور اس میں چار میں سے تین سہ ماہیوں میں گراوٹ نظر آئی ہے۔
’اس کے لیے دسمبر میں قبل از وقت انتخابات ہی ایسا راستہ ہے جس کے ذریعے عوام ٹیکس میں اضافے میں تاخیر کے لیے ووٹ دے سکتے ہیں۔‘
اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم آئندہ ماہ انتخابات کرائے جانے کی بات کہیں گے۔ واضح رہے کہ دو سال قبل ہی انھوں نے وزرات عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق کل یعنی منگل تک شنزو آبے انتخابات کا اعلان کریں گے جو 14 دسمبر کو ہوں گے۔







