عراقی کرد پیش مرگہ کے جنگجو کوبانی میں داخل

،تصویر کا ذریعہAFP
شام اور ترکی کی سرحد پر واقع کوبانی شہر میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف لڑنے کے لیے عراق کے کرد پیش مرگہ نے ترکی کی سرحد عبور کر لی ہے۔
کوبانی میں ذرائع نے بی بی سی عربی کو بتایا کہ پیش مرگہ کا یہ گروپ فرنٹ لائن کی جانب بڑھ رہا ہے۔
کوبانی کا پچھلے چھ ہفتوں سے دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں نے محاصرہ کر رکھا ہے اور اس جنگ میں 800 افراد ہلاک جبکہ دو لاکھ سے زیادہ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق 150 پیش مرگہ جنگجو درجنوں گاڑیوں اور بکتر بند گاڑیوں میں فرنٹ لائن کی جانب جا رہے ہیں۔
پیش مرگہ جنگجوؤں نے پیش مرگہ کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں اور کوبانی کوبانی کے نعرے لگاتے جا رہے ہیں۔
ترکی کی سرحد سے ملحق شام کے شہر کوبانی پر کنٹرول حاصل کرنا دولت اسلامیہ کے اہداف میں بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس پر قبضے کی جنگ کے نتیجے میں زیادہ تر شہریوں کو شہر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
شام اور عراق کے بڑے علاقے پر دولت اسلامیہ کے تیزی سے قابض ہوجانے نے مغربی ممالک کو ہلا کر رکھ دیا اور انھیں فضائی حملے کی تحریک دی۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ ایوان سیمونووک نے اقلیتوں کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کو جنگی جرائم کے زمرے میں قرار دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ دولت اسلامیہ کو روکنے کے لیے امریکی فضائہ نے بھی بمباری کی ہے اور کوبانی میں کرد جنگجوؤں کے لیے بھاری اسلحہ بھی گرایا ہے۔







