کینیڈا: پولیس کو لاکر سے بچوں کی لاشیں ملیں

،تصویر کا ذریعہReuters
کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا کے دارالحکومت ونی پیگ میں پولس کو ایک سٹوریج لاکر سے کم از کم چار بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کو اس سلسلے میں پیر کو سٹوریج کمپنی کے ایک ملازم نے فون کیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے وہاں سے لاشوں کی باقیات برآمد کیں۔
ان نامعلوم لاشوں کی جانچ ابھی ہونی باقی ہے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں بہت سے لوگوں سے بات چیت اور پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان لاشوں کا کسی ایسے بچے سے کوئی تعلق نہیں جس کی گمشدگی کی پولیس میں رپورٹ کی گئی ہو۔
پولیس ترجمان ایرک ہوفلی نے کینیڈا کے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ ’ناقابل یقین اور المناک‘ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ یا تو یہ لاشیں نوزائیدہ بچوں کی ہیں یا ’کافی کم عمر بچوں‘ کی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
بچوں کی یہ باقیات وینی پگ کے یو ہال سٹوریج سے برآمد ہوئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ باقیات لاکر میں کب سے موجود تھیں۔
پولیس کے مطابق کینیڈا میں انسانی باقیات کا رکھنا یا چھپانا جرم ہے۔
ایرک ہوفلی نے کہا: ’جب تک ان لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر کے ان کی موت کے اسباب کا پتہ نہیں لگایا جاتا تب تک ہم اس بارے میں مکمل طور پر کچھ نہیں کہہ سکیں گے۔‘







