امریکی باپ بچوں کے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار

،تصویر کا ذریعہAP
امریکہ پولیس نے ایک شخص کو اپنے پانچ بچوں کو قتل کرنے کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ٹموتھی روئے جونز کو اپنی ریاست ساؤتھ کیرولینا میں کئی الزامات کا سامنا ہے۔ انھیں سنیچر کو میسسپی میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ایک سے آٹھ سال کے عمر کے پانچ بچوں کی گمشدگی کی اطلاع اس وقت دی گئی جب ان کی ماں نے پولیس کو بتایا کہ ان کا اپنے شوہر سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حکام کو بچوں کی لاشیں سارے دن کی تلاشی کے بعد ملیں جنھیں الاباما کی سڑک کے قریب دفنایا گیا تھا۔
الاباما کے محکمۂ عوامی تحفظات کے ترجمان سٹیو جاریٹ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ٹموتھی روئے جونز تفتیش کاروں کو اس جگہ پر لے کر گئے تھے۔
میسسیپی کی سمتھ کاؤنٹی کے پولیس سربراہ چارلی کرمپٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ جونز کو سنیچر کے روز ایک چیک پوسٹ پر روکا گیا اور معلوم ہوا کہ وہ نشے میں گاڑی چلا رہے تھے۔
چارلی کرمپٹن نے کہا کہ ایک پولیس اہلکار نے ان کی کار سے مقامی طور پر نشہ آور دوا تیار کرنے کا مواد برآمد کیا۔
تفتیش کاروں کو روئے جونز کی گاڑی میں بلیچ، تیزاب، خون اور ممکنہ طور پر انسانی جسم کی رطوبت بھی ملی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب پولیس نے قومی ڈیٹا بیس پر ان کاریکارڈ چیک کیا تو وہ اپنے بچوں کے لاپتہ ہونے کے معاملے میں مطلوب تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق روئے جونز نے ساؤتھ کیرلینا میں اپنے پڑوسیوں کو بتایا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ کسی دوسری ریاست منتقل ہو رہے ہیں۔







