’بکینی پہننے والے خوبصورت سیاح محفوظ نہیں‘ پر معذرت

،تصویر کا ذریعہAFP

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے اپنے اس بیان پر معذرت کی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بکینی پہنیں سیاح محفوظ نہیں ہیں ماسوائے ان کے جو پرکشش نہیں ہیں۔

تھائی وزیر اعظم کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایک دن قبل ہی دو برطانوی شہریوں کو کو تاؤ کے ساحل پر قتل کردیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نے ایک میٹنگ میں حکام سے بات کرتے ہوئے کہا ’کیا وہ بکینی پہن کر محفوظ رہ سکتی ہیں ۔۔۔ ماسوائے ان کے جو خوبصورت نہ ہوں۔‘

اس بیان پر کافی غصے کا اظہار کیا گیا اور برطانوی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ حکام سے اس بیان کے بارے میں میں پوچھا جا رہا ہے۔

جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں تھائی وزیر اعظم نے کہا ’میں معذرت چاہتا ہوں اس بیان پر۔‘

وزیر اعظم نے یہ بیان میں بدھ کو سرکاری حکام سے بات چیت میں دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ان کا کہنا تھا ’وہ (سیاح) سمجھتے ہیں ہمارا ملک خوبصورت اور محفوظ ہے اور وہ جو چاہیں کریں۔ وہ بکینی پہن کر کہیں بھی گھوم سکتی ہیں۔‘

تھائی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ برطانوی جوڑے کے قاتلوں کے سراغ میں کوئی کامیابی نہیں ملی۔ اس سے قبل پولیس نے چند افراد کو حراست میں لیا تھا لیکن ان افراد کے ّی این اے جائے وقوعہ سے مختلف ہیں۔