تھائی لینڈ کے باسیوں کے چہروں پر خوشیاں لوٹانے کی کوشش

،تصویر کا ذریعہAFP
تھائی لینڈ کے فوجی حکمرانوں نے احتجاج کے ستائے ہوئے ہم وطنوں کے چہروں پر پھر سے خوشیاں لانے کے لیے ملک بھر میں فوجی بینڈ کے کنسرٹ کرانے کا پروگرام شروع کیا ہے جہاں شرکا کے لیے مفت حجامت کی سہولت اور میٹھے کا بندوبست بھی کیا جاتا ہے۔
تھائی لینڈ کے فوجی حکمرانوں نےگذشتہ ماہ جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ جما لیا تھا۔ تھائی لینڈ میں جمہوری حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے احتجاج کیا جاتا رہا ہے۔
تھائی لینڈ کے اخبار سموئی ٹائمز کے مطابق فوجی حکمرانوں نے ہم وطنوں کے چہروں پر دوبارہ خوشیاں لانے کے لیے فوجی بینڈ کے کنسرٹ کا پروگرام شروع کیا ہے۔
اخبار کے مطابق فوجی حکمرانوں نے لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے گھڑ سوار فوجی دستوں کو شہر کی سڑکوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا فرض سونپا ہے۔ تھائی فوجی اس جگہ بھی صفائی کرتے ہوئے بھی نظر آئے جہاں گذشتہ ہفتے فوجی حکمرانوں کے خلاف احتجاج کیاگیا تھا۔
تھائی لینڈ کے فوجی سربراہ جنرل پرایوتھ چان اوچا کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کے شہری پچھلے نو سالوں سے بہت پریشان تھے اور فوج کی طرف سے سیاسی تبدیلیاں لانے کا مقصد ہم وطنوں کو خوشیاں فراہم کرنا ہے۔
فوجی سربراہ نے 22 مئی کو قوم سے خطاب سے دوران کہا: ’تھائی لینڈ کے لوگ مجھے پسند کرتے ہیں۔ وہ پچھلے نو برسوں سے خوش نہیں تھے۔ اب ملک میں خوشی لوٹ آئی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فوجی حکومت کے ترجمان جنرل ونتھائی سواری نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کو ہفتہ وار ٹی وی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس میں لوگوں کے سوالوں کے جواب دیے جائیں گے۔
فوجی ترجمان نے سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ ملک میں خوشیاں واپس لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔







