اٹلی: سابق وزیرِ اعظم سلویو برلسکونی کی سزا ختم

برلسکونی کا شمار اٹلی کے طویل عرصے تک حکمران رہنے والے وزیراعظموں میں ہوتا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبرلسکونی کا شمار اٹلی کے طویل عرصے تک حکمران رہنے والے وزیراعظموں میں ہوتا ہے

اٹلی کے سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی نے اپنے خلاف ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ سیکس کرنے کا مقدمہ جیت لیا ہے۔

اٹلی کے شہر میلان کی ایک عدالت نے برلسکونی کو ریما المحروغ عرف روبی مقدمے میں دی جانے والی سات برس کی سزا ختم کر دی ہے۔

خیال رہے کہ 76 سالہ برلسکونی پر الزام ہے کہ انھوں نے سنہ 2010 میں کریمہ المروغ عرف ’روبی‘ سے اس وقت سیکس کیا تھا جب اس کی عمر 17 سال تھی۔

برلسکونی اور کریمہ نے ایک دوسرے کے ساتھ سیکس کرنے کی تردید کی تھی۔ اٹلی میں 18 سے کم عمر کی لڑکی کے ساتھ سیکس کرنا جرم ہے۔

برلسکونی کا شمار اٹلی کے طویل عرصے تک حکمران رہنے والے وزیراعظموں میں ہوتا ہے۔ وہ نومبرسنہ 2011 میں اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔

ان کے تیسرے دورِ حکومت میں معشیت سست روی کا شکار رہی اور قرضوں کا حجم 26 کھرب ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد برلسکونی کو مختلف مقدمات کا سامنا ہے جبکہ وہ کئی مالی اور جنسی سکینڈلوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔

اٹلی کے سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی ٹیکس فراڈ کے الزام میں سزا کے طور پر ایک سال کے لیے سماجی خدمات انجام سر انجام دے رہے ہیں۔