یوکرینی صدر کی یکطرفہ جنگ بندی کی پیشکش

،تصویر کا ذریعہAFP
یوکرین کے صدر نے یکطرفہ جنگ بندی کی پیشکش کر دی ہے تاکہ روس حامی باغیوں کوہتھیار ڈالنے کا موقع مل جائے۔
یوکرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیٹرو پوروشنکو کا کہنا تھا کہ امن منصوبے کو جلد ہی نافذ العمل کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس اعلان سے ایک روز قبل ہی یوکرینی صدر کی روسی صدر ولادی میر پوتن سے فون پر بات چیت ہوئی تھی۔
اس موقعے پر انھوں نے مشرقی یوکرین میں روس حامی باغیوں کی جانب سے حکومتی فوج کے ساتھ جاری لڑائی کے حل پر غور کیا تھا۔
کیئف میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ’تھوڑی مدت‘ کے لیے جنگ بندی کی جائے گی تاکہ روسی جنگجو ملک سے نکل سکیں۔
صدارتی ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ اس جنگ بندی کا اعلان چند ہی گھنٹے میں یا چند روز کر دیا جائے گا۔



