مدینہ:ہوٹل میں آتشزدگی سے 15 زائرین ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس شہر مدینہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی سے کم از کم 15 زائرین ہلاک ہو گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی اور عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو پیش آنے والے اس واقعے میں 130 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں طبی امداد دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ کے آغاز سہ پہر کے وقت بجلی کے شارٹ سرکٹ سے ہوا تاہم حکام کی جانب سے آتشزدگی کی حتمی وجہ تاحال نہیں بتائی گئی ہے۔
جس وقت آگ لگی تو اشراق نامی ہوٹل میں 700 کے قریب غیر ملکی زائرین موجود تھے۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے ڈھائی گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق آگ کی وجہ سے متاثرہ ہوٹل کے نزدیک واقع ایک اور ہوٹل کو بھی خالی کروایا گیا۔
مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی عرب میں مصر کے سفیر عفیفی عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم چار مصری شہری بھی ہیں۔
ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ مصری قونصلیٹ میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جو اس حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے مصری باشندوں کے بارے میں معلومات جمع کر رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز نے مصر کے سرکاری ٹی وی کے حوالے سے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق مصر سے ہے۔







