ایڈورڈ سنوڈن کے والد لون سنوڈن روس پہنچ گئے

امریکہ کے خفیہ راز افشا کرنے والے سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کے والد لون سنوڈن اپنے بیٹے سے ملنے کے لیے روس پہنچ گئے ہیں۔
ماسکو پہنچنے پر لون سنوڈن نے صحافیوں کو بتایا: ’میں بہت شکر گزار ہوں کہ میرا بیٹا محفوظ اور آزاد ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق ماسکو کے ہوائی اڈے پر ایڈورڈ سنوڈن کے روسی وکیل نے لون سنوڈن سے ملاقات کی۔
ماسکو کے ہوائی اڈے پر کئی ہفتے گزارنے کے بعد ایڈورڈ سنوڈن کو اگست میں روس نے پناہ دی تھی۔ پناہ سے پہلے امریکہ نے ان کی سفری دستاویزات منسوخ کر دی تھیں۔
لون سنوڈن نے کہا کہ ان کا اپنے بیٹے سے براہِ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ماضی میں انھوں نے اپنے بیٹے کو ’سچ‘ بولنے اور قربانی دینے پر سراہا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ اگرچہ وہ چاہتے ہیں کہ ایڈورڈسنوڈن امریکہ واپس آ جائیں لیکن انھوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان بیٹے پر شفاف انداز میں مقدمہ نہیں چلایا جائے گا۔
تیس سالہ ایڈورڈ سنوڈن نے ہزاروں کی تعداد میں امریکہ کی خفیہ دستاویزات افشا کی تھیں۔
برطانوی اخبار گارڈیئن اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی معلومات میں امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے فون اور انٹرنیٹ کی جاسوسی کے ضمن میں بڑے پیمانے پر انکشافات کیے گئے تھے۔
ایڈورڈ سنوڈن امریکی حکومت کی طرف سے لوگوں کی نگرانی کرنے کے خفیہ پروگرام ’پرِزم‘ کی تفصیلات سامنے لانے کے الزام میں امریکی حکام کو مطلوب ہیں۔
امریکہ میں ایڈورڈ سنوڈن پر سرکاری مواد چرانے، بغیر اجازت دفاعی معلومات فراہم کرنے اور خفیہ معلومات دانستہ افشا کرنے کے الزامات ہیں۔
ان میں سے ہر جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا دس سال قید ہے۔
روس کی طرف سے ایڈورڈ سنوڈن کو پناہ دینے کی وجہ سے روس اور امریکہ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہوا ہے اور امریکہ نے ستمبر میں اسی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان سربراہی اجلاس بھی ملتوی کر دیا تھا۔
سنوڈن تیئس جون کو ہانگ کانگ سے ماسکو پہنچے تھے۔ ان کے انکشافات کے باعث دنیا بھر میں سفارتی کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور امریکہ کے اتحادی اور روایتی حریف دونوں ہی پریشان ہو گئے تھے۔
امریکہ کے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے روس کو یقین دہانی کروائی تھی کہ اگر وہ سنوڈن کو امریکہ کے حوالے کے حوالے کر دیں تو انہیں سزائے موت نہیں دی جائے گی۔ تاہم روس نے کہا تھا کہ وہ سنوڈن کو امریکہ کے حوالے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔







