’سنوڈن کو ہوائی اڈے سے باہر جانے کی اجازت‘

روس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق امریکہ کو مطلوب خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کو ماسکو کے ہوائی اڈے سے باہر جانے کا سرکاری اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ اجازت نامہ روس کی وفاقی مائیگریشن سروس نے جاری کیا ہے جو سنوڈن کے وکیل کے ذریعے ان کے حوالے کیا جائے گا۔
سنوڈن تئیس جون کو ہانگ کانگ سے ماسکو کے شیریمتییوو ہوائی اڈے پہنچے تھے اور تب سے وہ اس کے ٹرانزٹ لاؤنج میں قیام پذیر ہیں۔
حالات پر مستقل نظر رکھنے والے ایک ذریعے نے روسی خبر رساں ادارے انٹر فیکس کو بتایا کہ سنوڈن آئندہ چند گھنٹے میں ہوائی اڈے سے جا سکتے ہیں۔
ایڈورڈ سنوڈن امریکہ میں حکومت کی طرف سے لوگوں کی نگرانی کرنے کے خفیہ پروگرام ’پرزم‘ کی تفصیلات سامنے لانے کے الزام میں امریکی حکام کو مطلوب ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں روس میں عارضی سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔ اس سے قبل سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے سنوڈن لاطینی امریکہ کے ممالک کی طرف سے وہاں پناہ لینے کی پیشکش قبول نہیں کر سکے تھے۔
سنوڈن نے روس میں پناہ لینے کی درخواست حکومت سے قریبی تعلق رکھنے ایک وکیل ایناتولی کچرینا کی مدد سے مکمل کی تھی۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن امریکی حکام کی طرف سے سنوڈن کی حوالگی کی درخواست مسترد کر چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ سنوڈن کو روس میں رکنے کی اجازت کے لیے امریکہ کے نگرانی کے پروگرام کی تفصیلات بتانے کا سلسلہ بند کرنا ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







