میرانڈا کا قانونی کارروائی کرنے کا اعلان

ڈیوڈ میرانڈا نامی ایک شخص جنہیں برطانیہ کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر نو گھنٹے تک روکے رکھا گیا اب اپنے سامان میں الیکٹرونک آلات کی جانچ کو روکنے کے لیے قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔
ڈیوڈ میرانڈا گارڈین اخبار کے صحافی گیلن گرین والڈ کے ساتھی ہیں اور انہیں ہوائی اڈے پر دہشت گردی کے قانون کے تحت روکا گیا تھا۔
ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ ان کی حراست کو قانونی طور پر چیلنج کریں گے۔
برطانیہ کے ہوم آفس نے اس حراست کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس کو کسی پر شبہ ہے کہ وہ ’ایسی معلومات چوری کر رہا ہے جس سے دہشت گردی کا خطرہ ہے‘ تو اسے ضرور کارروائی کرنا چاہیے۔
اٹھائیس سالہ میرانڈا کی حراست پر سینیئر سیاستدانوں ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور برازیل کے حکام نے مذمت کی ہے۔
برطانیہ میں دہشت گردی کے قانون کے آزاد مبصر ڈیوڈ اینڈریسن کا کہنا ہے کہ اس حراست کی مدت غیر معمولی ہے جس کے لیے پولیس کوجوابدہ ہونا پڑے گا۔
برازیل کے شہری ڈیوڈ میرانڈا کو اس وقت حراست میں لیا گیا جو وہ برلن سے ریو ڈی جنیرو جا رہے تھے۔ جہاں وہ اپنے ساتھی گرین والڈ کے ساتھ رہتے ہیں۔
گرین والڈ گارڈین کے رپورٹر ہیں اور انہوں نے امریکہ میں نگرانی کے خفیہ پروگرام سے متعلق سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کے توسط سے کئی خبریں بریک کی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میرانڈا کو دہشت گردی کے خلاف قانون ’ٹیررازم ایکٹ 2000‘ کے شیڈول سات کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ اس قانون کے تحت پولیس کسی بھی شخص کو ہوائی اڈے، بندرگاہ یا بین القوامی ریل سٹیشن پر روک سکتی ہے اور نو گھنٹے تک کے لیے اس سے پوچھ گچھ کر سکتی ہے کہ آیا وہ کسی دہشت گرد کارروائی میں ملوث تو نہیں۔
سکاٹ لینڈ یارڈ کا موقف ہے ڈیوڈ میرانڈا کے خلاف کارروائی میں اس قانون کا استعمال جائز ہے۔
برطانیہ کے ہوم آفس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’حکومت اور پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام اور قومی سلامتی کا تحفظ کریں‘۔
مرانڈا کا کہنا ہے کہ انہیں نو گھٹنے تک حراست میں رکھا گیا اور ان کی تمام زندگی سے متعلق سوالات کیے گئے۔ اس کے بعد ان سے ان کا کمپیوٹر، ویڈیو گیمز، موبائل فون اور میموری کارڈ لے لیے گئے۔
جرمنی میں قیام کے دوران میرانڈا ایک امریکی فلم ساز لورا پوئٹر اس کے ساتھ رہے۔ یہ وہ فلم ساز ہیں جو گرین والڈ اور گارڈین کے ساتھ ایڈورڈ سٹوڈن کی فائلز پر کام کرتے رہے ہیں۔
بی بی سی کے ساتھ ایک انٹر ویو میں گارڈین کے ایڈیٹر ایلن رس بریجر کا کہنا تھا کہ میرانڈا کے خلاف دہشت گردی کے قانون کے استعمال پر ’ دنیا بھر میں ردِ عمل‘ پایا جاتا ہے۔







