سنوڈن کے ’استعمال‘ کے بعد ای میل سروس بند

امریکہ کے خفیہ راز افشاء کرنے والے سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے استعمال کی اطلاعات کے بعد دو امریکی ای میل سروسز کو بند کر دیا گیا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں قائم لوابِٹ نامی ای میل سروس کو بند کیا گیا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ لوابِٹ نامی ای میل سروس امریکی حکام کو اس کے صارفین کی معلومات تک رسائی سے روکنے کے لیے ایک قانونی جنگ لڑ رہی ہے۔
دوسری جانب ’سائیلنٹ سرکل‘ نامی ای میل سروس کو بھی بند کیا گیا ہے۔
سنوڈن کی جانب سے ماسکو ایئر پورٹ پر لوابِٹ کی ای میل سروس استعمال کرنے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد سے اس کی نگرانی کی جا رہی تھی۔
لوابِٹ کے مالک لیونسن نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہا کہ وہ دس سال کی مسلسل محنت کے بعد لوابِٹ کو بند کرنے کا ایک مشکل فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے لوابِٹ کے آپریشنز کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
’سائیلنٹ سرکل‘ نامی ای میل سروس کا کہنا ہے کہ انہوں نے تکنیکی اور سیاسی وجوہات کی وجہ سے اپنی سروس کو بند کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سابق امریکی جاسوس ایڈورڈ سنوڈن نے حال ہی میں امریکہ میں بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ اور فون کالوں کی نگرانی کے پروگرام پرزم کے بارے میں راز افشاء کیے تھے جس کے بعد سے وہ غداری کے مقدمے میں امریکہ کو مطلوب ہیں۔
امریکی حکومت نے سنوڈن پر بغاوت کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی ہے تاہم وہ امریکہ چھوڑ کر پہلے ہانگ کانگ گئے اور اس کے بعد انہوں نے روس میں عارضی پناہ حاصل کر لی ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمۂ انصاف نے لوابِٹ کو بند کیے جانے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔







