افغانستان: فائرنگ سے تین امریکی فوجی ہلاک

افغانستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے اس طرح کے واقعات میں غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنافغانستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے اس طرح کے واقعات میں غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے

افغانستان میں نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ افغان فوج کی وردی میں ملبوس ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے تین امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

نیٹو حکام کے مطابق یہ واقعہ صوبہ ہلمند میں پیش آیا ہے۔

افغان حکام نے برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد خصوصی فورسز کے ارکان تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو رات گئے تین اہلکاروں کو صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین میں ایک اجلاس میں شرکت کے دوران ہلاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں افغان سکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس مسلح افراد کے حملوں میں غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

حکام ان واقعات کو نام نہاد’گرین آن بلیو‘ حملے کہتے ہیں اور ان واقعات میں افغان فوج کی وردی میں ملبوس افراد اپنی بندوقوں کا رخ اتحادی فوجیوں کی جانب کر دیتے ہیں۔

اس سے پہلے منگل کو افغان فوج کی وردی میں ملبوس دو مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا تھا۔