امریکہ کبھی دیوالیہ نہیں ہوگا: جو بائڈن

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنجوبائڈن کے دورے کا مقصد امریکی معیشت پر چین کا اعماد بحال کروانا ہے۔

امریکہ کے نائب صدر جو بائڈن نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے قرضوں کی وجہ سے کبھی بھی دیوالیہ نہیں ہوگا۔

اتوار کو امریکی نائب صدر نے چین کے دورے کے آخری روز اپنی تقریر میں کہا کہ وہ یہ بات دہراتے ہیں کہ چین کے پاس موجود ڈالر کے اثاثے محفوظ ہیں۔

امریکی نائب صدر کا یہ دورہ امریکی قرضوں کے مسئلے پر دونوں ملکوں کے بیچ بڑھتے ہوئے تناؤ کے پیشِ نظر ہے۔

<link type="page"><caption> قرض بل منظور، دیوالیہ کا خطرہ ٹل گیا</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2011/08/110802_us_debt_vote_zs.shtml" platform="highweb"/></link>

چین میں حکام نے امریکہ میں قرضوں کی حد پر ہونے والے سیاسی تنازع پر تنقید کی ہے اور امریکی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کیا امریکہ قرض واپس کرنے کے قابل ہے؟ اس سوال کے جواب میں جو بائڈن نے چین کی ایک یونیورسٹی کے طلبا سے کہا کہ ’ آپ محفوظ ہیں‘۔

’ آپ یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ اس معاملے میں ہم سے زیادہ تشویش کسی کو نہیں ہوگی۔ ایسے میں جب ملکی معیشت کا ستاسی فیصد حصہ امریکی عوام کے پاس ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اپنے سرمائے کو محفوظ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، امریکہ نہ کبھی دیوالیہ ہوا ہے اور نہ ہی کبھی دیوالیہ ہوگا۔‘

چین نے سب سے زیادہ قرض امریکہ کو دیا ہے۔ امریکہ پر اس کا ایک کھرب ڈالر کا قرضہ ہے اور اس سے امریکہ سے بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کو کہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین اتنا زیادہ قرض دینے پر فکر مند ہے اور اس پر ملک میں ہی سخت تنقید کی جا رہی ہے کہ اس نے ملکی بچت کا ایک بڑا حصہ امریکی سرمایہ کاری میں لگا رکھا ہے۔