اٹلی: چہرے کے نقاب پر پابندی کا بل

بیلجیئم اور فرانس میں پہلے ہی عوامی مقامات پر چہرے چھپانے پر پابندی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبیلجیئم اور فرانس میں پہلے ہی عوامی مقامات پر چہرے چھپانے پر پابندی ہے

اٹلی میں ایک پارلیمانی کمیٹی نے اس مسودۂ قانون کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت خواتین پر یہ پابندی عائد ہو جائے گی کہ وہ چہرے کا نقاب نہیں کر سکتیں۔

اس بل کو وزیراعظم سلیو برلسکونی کے حکومتی اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔

اطالوی پارلیمان موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد اس بل پر ووٹنگ کرے گی۔

اس بل کے مطابق کسی بھی ایسے برقعے، نقاب یا حجاب پر پابندی عائد کر دی جائے گی جس سے چہرہ چھپتا ہو۔

یورپ میں بیلجیئم اور فرانس میں پہلے ہی عوامی مقامات پر چہرے کا پردہ کرنے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

خبر رساں ادارے انسا کے مطابق اگر اطالوی پارلیمان نے یہ بل منظور کر لیا تو اس کی خلاف ورزی پر ڈیڑھ سو سے تین سو یورو جرمانہ اور کمیونٹی سروس کی سزا دی جا سکے گی۔

انسا کی رپورٹ کے مطابق وہ لوگ جو کسی دوسرے کو نقاب پہننے پر مجبور کریں گے انہیں تیس ہزار یورو جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا ہو سکے گی۔

.