پوست کی فصل کو پھپھوندی لگ گئی
اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ رواں برس افغانستان میں بیماری کی وجہ سے پوست کی فصل بڑے پیمانے پر خراب ہو رہی ہے۔
انتونیو ماریا کوسٹا نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس سال پوست کی پیداوار میں گزشتہ برس کی نسبت پچیس فیصد کمی واقع ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فصل کو لگنے والی بیماری ایک پھپھوندی ہے جس نے افغانستان کی پوست کی نصف فصل کو متاثر کیا ہے۔
افغانستان دنیا بھر کی پوست کا بانوے فیصد پیدا کرتا ہے۔
انتونیو کوسٹا کے مطابق بیماری کی وجہ سے اس خطے میں افیون کی قیمتوں میں پچاس فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس کا فائدہ طالبان کو پہنچ سکتا ہے جن کے پاس افیون کے بڑے ذخیرے موجود ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے اہلکار نے بتایا کہ اس بیماری سے متاثرہ علاقوں میں ہلمند اور قندھار کے صوبے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ مقامی کسان یہ سمجھتے ہیں کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کے پیچھے نیٹو افواج کا ہاتھ ہے۔
تاہم انتونیو کوسٹا نے اس خیال کی تردید کی اور کہا کہ یہ بیماری افغانستان میں ہر چند برس بعد پوست کی فصل کو متاثر کرتی ہے۔
خیال رہے کہ چار برس قبل بھی اسی بیماری کی وجہ سے پوست کی فصل متاثر ہوئی تھی۔



