ملکۂ الزبتھ دوم کی موت: شاہی خاندان کے افراد اور جانشینی کا سلسلہ

برطانیہ کی ملکۂ الزبتھ دوم کی موت کے بعد ان کے سب سے بڑے بیٹے چارلس بادشاہ بن گئے ہیں۔
انھیں شاہ چارلس سوم کے نام سے جانا جائے گا۔ وہ 1685 کے بعد تخت پر بیٹھنے والے پہلے ’چارلس‘ ہیں۔ ملکۂ الزبتھ نے سب سے طویل عرصے تک برطانیہ پر حکمرانی کی اور ان کی وفات آٹھ ستمبر کو ہوئی۔
نیچے آپ شاہی خاندان کے افراد اور جانشینی کے سلسلے کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں:

ملکۂ الزبتھ اور ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ
ملکۂ الزبتھ نے 70 برس تک برطانیہ پر حکمرانی کی۔ ان کی عمر 96 برس تھی جب ان کی موت آٹھ ستمبر 2022 کو ہوئی۔
1926 میں پیدا ہونے والی شہزادی الزبتھ اپنے والد بادشاہ جارج ششم کی موت کے بعد ملکہ بنی تھیں۔ 1947 میں ان کی شادی ڈیوک آف ایڈنبرا فلپ سے ہوئی اور اس جوڑے کے چار بچے ہوئے: چارلس، این، اینڈریو اور ایڈورڈ۔
شہزادہ فلپ کسی بھی برطانوی حکمران کے ساتھ سب سے طویل عرصے تک رہنے والے کنسورٹ (شریک حیات) تھے۔ 2017 میں وہ شاہی ذمہ داریوں سے ریٹائر ہوگئے تھے۔ ان کی موت 9 اپریل 2021 میں ہوئی تھی۔

شاہ چارلس سوم
پیدائش: 1948

،تصویر کا ذریعہGetty Images
والدہ کی موت کے فوراً بعد چارلس بادشاہ بن گئے۔
ویلز کے سابق شہزادہ چارلس نے 29 جولائی 1981 میں لیڈی ڈیانا سپینسر سے شادی کی تھی جو ویلز کی شہزادی قرار پائی تھیں۔ دونوں کے دو بیٹے ہوئے: ولیم اور ہیری۔ چارلس اور ڈیانا کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی اور 1996 میں ان کی شادی ختم ہوئی۔ 31 اگست 1997 میں شہزادی ڈیانا پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھی۔
نو اپریل 2005 کو شہزادہ چارلس نے کمیلا پارکر بولز سے شادی کی۔ ملکہ نے اپنی موت سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ان کے بیٹے کے بادشاہ بننے پر ڈچز آف کورنوال کمیلا کو کوئین کنسورٹ کا خطاب دیا جائے۔
جانشینی کا سلسلہ
1. شہزادہ ولیم، پرنس آف ویلز
پیدائش: 1982

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شہزادہ ولیم شاہ چارلس سوم اور ویلز کی شہزادی ڈیانا کے سب سے بڑے بیٹے ہیں۔ جانشینی کے سلسلے میں وہ سب سے پہلے نمبر پر ہیں۔
ڈیوک کی عمر محض 15 سال تھی جب ان کی والدہ کی موت ہوئی۔ انھوں نے سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی جہاں انھیں ان کی مستقبل کی بیوی کیٹ مڈلٹن مل گئیں۔ دونوں کی شادی 2011 میں ہوئی۔
اپنی 21ویں سالگرہ پر انھیں کونسلر آف سٹیٹ تعینات کیا گیا، وہ ملکہ کی طرف سے بیرون ملک تقاریب میں جاتے تھے۔ جولائی 2013 میں اس جوڑے کا پہلا بیٹا جارج پیدا ہوا جبکہ 2015 میں بیٹی شارلٹ اور 2018 میں لوئس پیدا ہوئے۔
شہزادے نے فوج، بحریہ اور آر اے ایف (فضائیہ) کے ساتھ تربیت حاصل کی۔ اس کے بعد انھوں نے شمالی ویلز میں انگلسی میں آر اے ایف ویلی میں بطور سرچ اینڈ ریسکیو پائلٹ تین برس تک کام کیا۔ انھوں نے اپنی شاہی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ دو سال تک بطور کوپائلٹ ایسٹ اینگلین ایئر ایمبولنس کے ساتھ کام کیا۔
انھوں نے جولائی 2017 میں یہ تعیناتی چھوڑ کر ملکہ اور ڈیوک آف ایڈنبرا کی طرف سے مزید شاہی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
انھیں جانشینی میں اپنے والد کا خطاب ڈیوک آف کورنوال ملا تاہم شاہ چارلس سوم نے ولیم کو پرنس آف ویلز کا خطاب بھی دے دیا ہے۔
تخت کا وارث ہونے پر ان کی مرکزی ذمہ داری یہ ہے کہ شاہی کاموں میں بادشاہ کی حمایت کریں۔
2. کورنوال اور کیمبرج کے شہزادہ جارج
پیدائش: 2013

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کورنوال اور کیمبرج کے شہزادہ جارج 22 جولائی 2013 میں لندن کے سینٹ میری ہسپتال میں پیدا ہوئے۔ شہزادہ ولیم اپنے پہلے بچے کی پیدائش پر موجود تھے۔ پیدائش کے وقت شہزادہ جارج کا وزن 3.8 کلوگرام تھا۔
جانشینی کے سلسلے میں شہزادہ جارج کا نمبر دوسرا ہے، یعنی اپنے والد کے بعد۔
3. کورنوال اور کیمبرج کی شہزادی شارلٹ
پیدائش: 2015

،تصویر کا ذریعہGetty Images
2 مئی 2015 کو سینٹ میری ہسپتال میں ڈچز آف کورنوال اور کیمبرج نے دوسرے بچے، ایک لڑکی کو جنم دیا۔ ڈیوک اس وقت بھی وہاں موجود تھے۔ پیدائش کے وقت ان کا وزن 3.7 کلوگرام تھا۔ ڈیوک اور ڈچز نے اس کا نام شارلٹ الزبتھ ڈیانا رکھا۔
جانشینی کے سلسلے میں شہزادی شارلٹ کا نمبر تیسرا ہے، یعنی اپنے والد اور بڑے بھائی کے بعد۔ ان کا پورا نام ہر رائل ہائینس پرنسس شارلٹ آف کورنوال اینڈ کیمبرج ہے۔
4. کورنوال اور کیمبرج کے شہزادہ لوئس
پیدائش: 2018

،تصویر کا ذریعہGetty Images
23 اپریل 2018 کو ڈچز آف کورنوال اینڈ کیمبرج نے لندن کے سینٹ میری ہسپتال میں اپنے تیسرے بچے، ایک لڑکے کو جنم دیا۔
ڈیوک لوئس آرتھر چارلس کی پیدائش کے وقت بھی موجود تھے۔ جانشینی کے سلسلے میں ان کا نمبر چوتھا ہے۔
5. شہزادہ ہیری، ڈیوک آف سسیکس
پیدائش: 1984

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شہزادہ ہیری نے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈرسٹ میں تربیت حاصل کی اور وہ فوج میں لیفٹیننٹ کے عہدے تک پہنچے۔ وہ بطور ہیلی کاپٹر پائلٹ اپنی خدمات دیتے رہے۔
مسلح افواج میں 10 سال کی ڈیوٹی کے دوران انھیں کیپٹن ویلز کے نام سے جانا جاتا تھا اور اپنی سروس کے دوران دو بار افغانستان تعینات کیے گئے۔ وہ وہاں 2012 اور 2013 میں اپاچی ہیلی کاپٹر کے کو پائلٹ اور گنر تھے۔
2015 میں انھوں نے فوج چھوڑ کر امدادی کاموں پر دھیان دیا۔ اس میں افریقہ میں ماحول کا تحفظ اور مسلح افواج کے زخمی ارکان کے لیے انوکٹس گیمز کا انعقاد شامل ہے۔
اپنی 21ویں سالگرہ سے وہ کونسلر آف سٹیٹ تعینات رہے اور وہ سرکاری ذمہ داریوں میں ملکہ کی نمائندگی کرتے تھے۔
19 مئی 2018 میں انھوں نے ونڈزر کاسل میں امریکی اداکارہ میگھن مارکل سے شادی کی۔ جنوری 2010 میں شاہی جوڑے نے کہا کہ وہ شاہی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اختیار کر کے اپنا وقت امریکہ اور شمالی امریکہ میں گزاریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا ارادہ ہے کہ وہ ’کام کر کے مالی طور پر آزاد بنیں۔‘
ایک سال بعد بکنگھم پیلس نے تصدیق کی کہ یہ جوڑا اپنی شاہی ذمہ داریوں کے لیے واپس نہیں آئے گا اور وہ اعزازی فوجی تعیناتیاں اور شاہی مراعات چھوڑ چکے ہیں۔
6. آرچی ہیریسن ماؤنٹ بیٹن ونڈزر
پیدائش: 2019

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سسیکس کے ڈیوک اور ڈچز کا پہلا بچہ 6 مئی 2019 کو پیدا ہوا جس کا نام آرچی ہیریسن ماؤنٹ بیٹن ونڈزر رکھا گیا اور ان کا وزن 3.2 کلوگرام تھا۔ ڈیوک ان کی پیدائش کے وقت وہاں موجود تھے۔
جوڑے نے انھیں یہ نام دے کر یہ فیصلہ کیا کہ وہ اپنے پہلے بچے کو کوئی شاہی خطاب نہیں دیں گے۔
جب اس نام کا اعلان ہوا تو بی بی سی کے شاہی امور کے نامہ نگار جونی ڈائمنڈ نے کہا کہ یہ فیصلہ اس بات کا بڑا اشارہ ہے کہ جوڑا ان کی شاہی ماحول میں پرورش نہیں کرنا چاہتا۔
7. للیبٹ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈزر
پیدائش: 2021
ڈچز آف سسیکس نے چار جون 2021 کو اپنے دوسرے بچے، ایک لڑکی کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانٹا باربرا میں جنم دیا۔ للیبٹ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈزر کو للی کے نام سے جانا جاتا ہے۔
یہ نام دراصل ملکہ الزبتھ کی شاہی خاندان میں عرفیت تھی۔ وہ ملکہ الزبتھ کی 11ویں پڑپوتی ہیں۔
8. ڈیوک آف یارک
پیدائش: 1960

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شہزادہ اینڈریو جانشینی کے سلسلے میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔ وہ ملکہ اور ڈیوک آف ایڈنبرا کے تیسرے بچے ہیں۔
1986 میں سارہ فرگوسن سے شادی پر دونوں کو ڈیوک اور ڈچز آف یارک بنایا گیا۔ دونوں کی دو بیٹیاں ہیں۔ 1988 میں بیاٹرس اور 1990 میں یوجینی کی پیدائش ہوئی۔ مارچ 1992 میں اعلان کیا گیا کہ ڈیوک اور ڈچز میں علیحدگی ہوگئی ہے۔ دونوں کے درمیان 1996 میں باقاعدہ طلاق ہوئی۔
ڈیوک نے 22 سال تک رائل نیوی میں کام کیا اور 1982 میں وہ فالک لینڈ جنگ کے دوران سروس میں تھے۔ اپنی شاہی ذمہ داریوں کے علاوہ 2011 میں انھیں حکومت کے لیے خصوصی نمائندہ برائے تجارت تعینات کیا گیا تھا۔
شہزادہ اینڈریو نے 2019 میں شاہی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اختیار کی۔ اس سے قبل بی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں ان کا امریکی کاروباری شخصیت جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلق زیرِ بحث آیا تھا جنھوں نے سیکس ٹریفکنگ اور سازش کے الزامات پر مقدمے کا سامنا کرنے کے دوران خودکشی کر لی تھی۔
فروری میں انھوں نے اپنے خلاف جنسی تشدد کے مقدمے میں، جو ایپسٹین کے متاثرین میں سے ایک نے دائر کیا تھا، غیر اعلان شدہ رقم دینے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم انھوں نے کبھی بھی اس کا قصوروار خود کو نہیں ٹھہرایا اور ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے۔
9. شہزادی بیاٹرس
پیدائش: 1988

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شہزادی بیاٹرس شہزادہ اینڈریو اور ڈچز آف یارک سارہ کی بڑی بیٹی ہیں۔ ان کا پورا نام ہر رائل ہائینس پرنسس بیاٹرس آف یارک ہے۔
جولائی 2020 میں انھوں نے دی رائل چیپل آف آل سینٹس میں پراپرٹی کی دنیا کی معروف شخصیت ایڈوارڈو ماپیلی موزی سے شادی کی تھی۔ جوڑے کی شادی مئی میں ہونا تھی مگر کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اس میں تاخیر ہوئی۔
10. سینا الزبتھ ماپیلی موزی
پیدائش: 2021
سینا الزبتھ شہزادی بیاٹرس کی بیٹی ہیں جو ستمبر 2021 میں پیدا ہوئیں اور تخت کے جانشینی کے سلسلے میں ان کا 10واں نمبر ہے۔ وہ ملکہ کی 12ویں پڑپوتی ہیں۔
شہزادی بیاٹرس ماپیلی موزی کے بیٹے کرسٹوفر وولف، جسے وولفی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی سوتیلی ماں بھی ہیں۔ یہ بیٹا ان کی دارا ہوانگ سے شادی سے ہوا تھا۔
11. شہزادی یوجینی
پیدائش: 1990

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شہزادی یوجینی شہزادہ اینڈریو اور ڈچز آف یارک سارہ کی چھوٹی بیٹی ہیں۔ ان کا پورا نام ہر رائل ہائینس یوجینی آف یارک ہے اور جانشینی کے سلسلے میں ان کا 11واں نمبر ہے۔
اپنی بہن بیاٹرس کی طرح ان کی کوئی سرکاری کنیت نہیں مگر وہ یارک استعمال کرتی ہیں۔ انھوں نے 12 اکتوبر 2018 میں ونڈزر کاسل میں اپنے طویل عرصے تک بوائے فرینڈ رہنے والے جیک بروکسبینک سے شادی کی تھی۔
12. اگست فلپ ہاک بروکسبینک
پیدائش: 2021

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شہزادی یوجینی اور جیک بروکسبینک کے بیٹے اگست 9 فروری 2021 کو پیدا ہوئے۔ وہ ملکہ کے نویں پڑپوتے ہیں۔
13. دی ایرل آف ویسکس
پیدائش: 1964

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شہزادہ ایڈورڈ کو 1999 میں صوفی ریز جونز سے شادی پر ایرل آف ویسکس اینڈ وسکاؤنٹ سویرن کا خطاب دیا گیا۔ ان کے دو بچے ہیں۔ لیڈی لوئس کی پیدائش 2003 میں ہوئی جبکہ جیمز، وسکاؤنٹ سویرن 2007 میں پیدا ہوئے۔
رائل میرینز کے ساتھ مختصر دورانیے تک کام کرنے کے بعد شہزادے نے اپنی ٹی وی پروڈکشن کمپنی کا آغاز کیا تھا۔ وہ ملکہ کی ان کی شاہی ذمہ داریوں میں حمایت کرتے تھے۔ جانشینی کے سلسلے میں ان کا 13واں نمبر ہے۔
14. جیمز، وسکاؤنٹ سویرن
پیدائش: 2007

،تصویر کا ذریعہPA
وسکاؤنٹ سویرن ایرل اینڈ کاؤنٹس آف وسیکس کے چھوٹے بیٹے ہیں۔ جوڑے نے اپنے بچوں کو روایتی شہزادہ شہزادی کے خطاب دینے کے بجائے ایرل کا خطاب دیا۔
خیال ہے کہ اس کا مقصد بعض شاہی ذمہ داریوں کے بوجھ سے بچنا تھا۔
15. لیڈی لوئس
پیدائش: 2003

،تصویر کا ذریعہPA Media
لیڈی لوئس ونڈزر 2003 میں پیدا ہوئیں۔ وہ ایرل اینڈ کاؤنٹس آف وسیکس کی بڑی بیٹی ہیں۔ تاہم جانشینی کے سلسلے میں ان کا نمبر اپنے بھائی سے نیچے ہیں۔ اس کی وجہ اس سے قبل آنے والا ایک قانون تھا جس کے تحت کم عمر لڑکا اپنی بڑی بہن سے جانشینی کے سلسلے میں آگے ہوگا۔ مگر اب یہ قانون ختم ہوچکا ہے۔
16. دی پرنسس رائل
پیدائش: 1950

،تصویر کا ذریعہGetty Images
این یا شہزادی رائل ملکہ کا دوسرا بچہ اور واحد بیٹی ہیں۔ اپنی پیدائش پر وہ جانشینی کے سلسلے میں تیسرے نمبر پر تھیں مگر اب وہ 16ویں نمبر پر ہیں۔ انھیں جون 1987 میں پرنسس رائل کا خطاب دیا گیا تھا۔
شہزادی این کی دو مرتبہ شادی ہوئی۔ ان کے پہلے شوہر کیپٹن مارک فلپس تھے جن کے ساتھ ان کے دو بچے پیٹر اور زارا ہیں۔ ان کی دوسری شادی وائس ایڈمرل ٹموتھی لارینس سے ہوئی۔
وہ شاہی خاندان کی پہلی فرد تھیں جنھوں نے سرکاری دستاویزات میں ماؤنٹ بیٹن ونڈزر کا خطاب استعمال کیا۔ انھوں نے ایسا کیپٹن فلپس سے شادی کے دوران میرج رجسٹر میں کیا تھا۔ انھوں نے مانٹریل اولمپکس کے دوران برطانیہ کے لیے گھڑ سواری کے کھیل میں شرکت کی۔ وہ سیو دی چلڈرن سمیت کئی امدادی تنظیموں کا حصہ رہیں۔ وہ 1970 سے سیو دی چلڈرن کی صدر رہی ہیں۔
17. پیٹر فلپس
پیدائش: 1977

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پیٹر فلپس ملکہ کے پوتوں میں سے سب سے بڑے ہیں۔ انھوں نے 2008 میں کینیڈین شہری آٹم کیلی سے شادی کی اور ان دونوں کی ایک ساتھ دو بیٹیاں ہیں۔ سوانا 2010 میں جبکہ اسلا 2012 میں پیدا ہوئیں۔
پرنسس رائل کے بچے شاہی خطاب استعمال نہیں کرتے کیونکہ ان کا تعلق ایک خاتون کے سلسلے سے ہے۔ مارک فلپس نے شادی کے وقت ایرل دوم کے خطاب کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ اب ان کے بچوں کو کوئی خطاب نہیں دیے گئے۔
پیٹر فلپس اور ان کی بیوی نے فروری 2020 میں طلاق کا اعلان کیا تھا۔
18. سوانا فلپس
پیدائش: 2010

،تصویر کا ذریعہPA Media
سوانا 2010 میں پیدا ہوئیں۔ وہ پیٹر اور آٹم فلپس کی بیٹی ہیں۔ وہ ملکہ کی پہلی پڑپوتی تھیں۔
19. اسلا فلپس
پیدائش: 2012

،تصویر کا ذریعہPA Media
اسلا کی پیدائش 2012 میں ہوئی۔ وہ پیٹر اور آٹم فلپس کی دوسری بیٹی ہیں۔
20. زارا ٹنڈال
پیدائش: 1981

،تصویر کا ذریعہGetty Images
زارا ٹنڈال نے اپنی والدہ اور والد کی پیروی کی اور گھڑ سواری میں ان کا کامیاب کیریئر رہا۔ انھوں نے 2012 میں لندن اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ انھوں نے 2011 میں انگلینڈ میں رگبی کے کھلاڑی مائیک ٹنڈال سے شادی کی۔ ان کے پہلے بچے میا گریس کی پیدائش 2014 میں ہوئی۔
پرنسس رائل کے بچے شاہی خطاب استعمال نہیں کرتے کیونکہ ان کا تعلق خاتون کے سلسلے سے ہے۔ مگر جانشینی کے سلسلے میں ان کا 20واں نمبر ہے۔ شہزادی این سے شادی کے وقت مارک فلپس نے ایرل ڈوم کے خطاب کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ لہذا اب انھیں احتراماً خطاب نہیں دیا گیا۔
21. میا گریس ٹنڈال
پیدائش: 2014

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ملکہ کی پوتی زارا ٹنڈال نے جنوری 2014 میں میا گریس کو جنم دیا۔
22. لینا الزبتھ ٹنڈال
پیدائش: 2018

،تصویر کا ذریعہPA Media
جوڑے کے دوسرے بچے کی پیدائش 18 جون 2018 میں گلوسٹرشائر کے سٹراؤڈ میٹرنٹی یونٹ میں ہوئی۔
پردادی کے اعزاز میں لینا الزبتھ کو انھی کا نام دیا گیا۔ اپنی بہن کی طرح لینا الزبتھ کے پاس کوئی شاہی خطاب نہیں۔ انھیں عام طور پر مس ٹنڈال کے نام سے جانا جاتا ہے۔
23. لوکس فلپ ٹنڈال
پیدائش: 2021
ملکہ کے 10ویں پڑپوتے لوکس فلپس کی پیدائش 21 مارچ 2021 کو ہوئی۔ وہ زارا اور مائیک کے پہلے بیٹے اور تیسرے بچے ہیں۔








