روس میں مکڈونلڈز کے نئے ورژن کا لوگو کچھ کچھ بنگلہ دیش کے جھنڈے جیسا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, اینا بیل لیانگ
- عہدہ, بزنس رپورٹر
روس میں فاسٹ فوڈ کی چین جو پہلے مکڈونلڈز کے طور پر کام کرتی رہی ہے اب نئے لوگو کے ساتھ اتوار سے اپنے ریستوران دوبارہ کھول رہی ہے۔
نئے برانڈنگ فیچر میں ایک دائرہ اور دو سطریں ہیں جو ایک برگر اور دو آلو کے چپس کی نمائندگی کرتی ہیں۔
کمپنی نے اب تک فوڈ چین کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم بتایا جا رہا ہے کہ اس کے لیے کئی نام زیر غور ہیں۔
مئی میں مکڈونلڈز نے یوکرین جنگ کی وجہ سے روس سے اپنے کاروبار کے انخلا کا اعلان کیا تھا۔
روس کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ٹی اے ایس ایس‘ کے مطابق روس کی فوڈ چین نے رواں ہفتے کے آخر میں کم از کم 15 ریستوران کھولنے کا منصوبے بنایا ہے۔ یہ کاروبار چلانے والے کمپنی پہلے مکڈونلڈز کی تھی۔
فوڈ چین چلانے والی فوڈ کمپنی ’سیسٹیما پی بی او‘ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اس لوگو کا سبز پس منظر مصنوعات کے معیار کو ظاہر کرتا ہے جس کے ہمارے صارفین عادی ہیں۔‘
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ نیا لوگوں اب بھی انگریزی حرف ’ایم‘ ہی کی طرح لگتا ہے۔
کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ نیا لوگو بنگلہ دیش کے جھنڈے سے متاثر لگتا ہے۔ بنگلہ دیش کے جھنڈے کا پس منظر بھی گہرا سبز ہے اور اس پر سرخ گول دائرہ ہے۔ یہ رنگ اس نئے لوگو کے رنگوں جیسے ہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ازویشٹیا نامی اخبار کا کہنا ہے کہ سیسٹیما پی بی او نے اس فوڈ چین کے لیے کم از کم آٹھ ناموں کی تجویز دی ہے۔
بی بی سی کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر تاحال مکڈونلڈز، سیسٹیما پی بی او یا روس کے رجسٹریشن کے سرکاری ادارے کسی نے بھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کیے جانے کے دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں مکڈونلڈز نے روس میں اپنا کاروبار روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گذشتہ ماہ مکڈونلڈز نے اعلان کیا کہ وہ جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی ’بحران‘ اور ’کام کے لیے غیر متوقع ماحول‘ کی وجہ سے روس سے نکل رہے ہیں۔
اس کا کہنا تھا کہ سربیا میں 25 مکڈونلڈز ریستوران چلانے والے الیگزینڈر گوور اب ان ریستورانوں کے مالک ہوں گے۔
اس معاہدے کے تحت مکڈونلڈز نے کہا کہ وہ روس میں اپنا ٹریڈ مارک برقرار رکھیں گے۔ اور ان کے پاس یہ اختیار ہو گا کے وہ اگلے 15 سال کے دوران کسی بھی وقت اپنے ریستوران واپس خرید سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مکڈونلڈز نے 30 برس تک روس میں کام کرنے کے بعد یوکرین جنگ کے بعد ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فاسٹ فوڈ کمپنی نے اپنی پہلا ریستوران ماسکو میں سنہ 1990 میں کھولا تھا۔
پشکن سکوائر میں کھلنے والے اس ریستواران کے باہر سینکڑوں گاہک قطاروں میں لگے کھڑے دیکھے گئے اور کئی لوگوں نے گھنٹوں انتظار کیا تاکہ وہ امریکہ کے مشہور برگر کا ذائقہ چکھ سکیں۔
سرد جنگ کے خاتمے کے دنوں میں اسے سویت یونین کی معیشت کے فروغ کے حوالے سے اہم مرحلے کے طور پر دیکھا گیا تھا۔












