موریطانیہ کے ہوائی جہاز کے ٹوائلٹ کے کوڑے دان سے نوزائیدہ بچہ ملنے کا انکشاف

- مصنف, یاسین محبت
- عہدہ, بی بی سی نیوز، موریطانیہ
مشرقی افریقہ کے ملک موریطانیہ میں ایئرپورٹ کے عملے کو طیارے کے ٹوائلٹ کے کوڑے دان سے ایک نوزائید بچہ ملا ہے۔
میڈاگاسکر سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ خاتون کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے اس بچے کو یہاں چھوڑا تھا اور پولیس کی جانب سے انھیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایئر موریشس کا طیارہ یکم جنوری کو میڈاگاسکر سے سر سیووسیگر رامگولم انٹرنیشنل ایئرپورٹ موریطانیہ پہنچا تھا۔
ایئرپورٹ کے افسران کو یہ بچہ اس وقت ملا جب وہ ایک معمول کی کسٹمز سرچ کر رہے تھے۔ انھوں نے اس بچے کو فوراً ایک سرکاری ہسپتال پہنچایا تاکہ اس کا طبی معائنہ کیا جا سکے۔
جس خاتون پر یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اس بچے کی ماں ہیں نے آغاز میں تو اس حوالے سے تردید کی تھی تاہم بعد میں جب ان کا طبی معائنہ کیا گیا تو اس بات کی تصدیق ہوئی کہ انھوں نے کچھ ہی دیر قبل بچے کو جنم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
انھیں ہسپتال میں پولیس کی نگرانی میں رکھا گیا تھا۔ خاتون اور ان کے بچے کی صحت بہتر ہے۔
مالاگاسی خاتون جو موریطانیہ میں دو سال کے ورک پرمٹ (یعنی ملک میں کام کرنے کی اجازت کے ویزا) پر آئی تھیں کو ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد تفتیش کے لیے بلایا جائے گا اور ان پر بچے کو بے سرو سامانی کے عالم میں چھوڑنے کے الزام میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سنہ 2020 کے اواخر میں قطر کے دارالحکومت دوحا کے ہوائی اڈے پر ایک کوڑے دان میں نوزائیدہ بچی کی شناخت ہوئی تھی جس کے بعد انھیں وہاں چھوڑ جانے والے والدین کی شناخت کر لی گئی تھی۔
تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ 'ایشیائی ملک' کی ایک خاتون شیر خوار بچی کو پھینکنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئی تھیں اور ڈی این اے ٹیسٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ایک ایشیائی باشندہ اس نوزائیدہ کا باپ ہے۔








