برطانیہ کے شہر برسٹل کے چڑیا گھر میں گوریلا کے بچے کی پیدائش اور ممتا کے دل موہ لینے والے مناظر

،تصویر کا ذریعہPA Media
برطانیہ کے شہر برسٹل کے چڑیا گھر میں ’کالہ‘ نامی گوریلا کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ بدھ کے روز پیدائش کے صرف چند گھنٹوں کے بعد لی گئی تصاویر میں نو سالہ کالہ اپنے بچے کو بانہوں میں لیے بیٹھی ہے۔
چڑیا گھر کے مددگار عملے کا کہنا ہے کہ ماں اور بچہ دونوں جانوروں کی حالت تسلی بخش ہے۔
چڑیا گھر کے منتظمین نے بتایا کہ بچے کی پیدائش ان کے والد جک کی موجودگی میں قدرتی طریقہ کار سے عمل میں آئی۔
اس سے قبل، ویسٹرن لولینڈ نسل کی کالہ کا پہلا بچہ پیدائش کے ایک ہفتے بعد وفات پا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہPA Media
چڑیا گھر کے منتظمین میں شامل لنسی بگ کا کہنا تھا کہ ’ہمیں معلوم تھا کہ کالہ کا بچہ پیدا ہونے والا ہے اور ہم کچھ عرصے سے اسی پیدائش کے منتظر تھے۔
’منگل کے روز کالہ بہتر، آرام دہ اور پُرسکون حالت میں نظر آئی اور ہمارے لیے کسی پریشانی کا باعث نہیں بنی۔
’بدھ کے روز مجھے نیا بچہ دیکھنے کو ملا۔ یہ بہت ہی پیارا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ ستمبر میں کالہ کے پہلے بچے کی موت کے بعد چڑیا گھر کے عملے نے ان پر نظر رکھی تھی۔
یاد رہے گدشتہ ستمبر میں ہنگامی طور پر کالہ کا سزیرین آپریشن کیا گیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
لنسی کا کہنا تھا ’یہ اتنی اچھی بات ہے کہ کالہ فطری طور پر بچے کو جنم دینے میں کامیاب ہو گئی اور بچہ اور ماں دونوں بالکل ٹھیک ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کالہ ایک انتہائی توجہ دینے والی اور بہت اچھی پرورش کرنے والی والدہ ہیں اور آپ اکثر انھیں بچے کو دودھ پلاتے دیکھ سکتے ہیں۔ بچہ واقعی مضبوط اور اچھی جسامت کا نظر آتا ہے۔‘
بگ نے بتایا کہ چڑیا گھر کے عملے کو بچے کی جنس کا تعین کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جنس کا تعین کرنا اتنا آسان نہیں اور یہ بتانے سے پہلے کہ بچہ نر ہے یا مادہ، ہم اپنی تسلی کرنا چاہتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہPA Media
یہ نیا گوریلا چڑیا گھر میں ان چھ جانوروں کے دستے میں شامل ہے، جو افزائشِ نسل کے پروگرام کا حصہ ہیں۔
ویسٹرن لو لینڈ نسل کے گوریلا معدومیت کے خطرے کا شکار ہیں اور کچھ اندازوں کے مطابق جنگل میں ان کی تعداد تقریباً صرف ایک لاکھ رہ گئی ہے۔









