بلو آرجن: 82 سالہ ویلی فنک جیف بیزوس کے ساتھ خلا میں جائیں گی

،تصویر کا ذریعہReuters
ایک 82 سالہ خاتون رواں ماہ کے آخر میں ایمازون کے بانی جیف بیزوس کے ساتھ اپنے پہلے خلائی سفر پر روانہ ہوں گی۔
ویلی فنک نامی اس خاتون کو اس لمحے کا چھ دہائیوں سے انتظار رہا ہے۔ ویلی سنہ 1960 کی دہائی میں خلائی سفر کے لیے تربیت حاصل کرنے والوں میں سے ایک ہیں۔
اگر یہ 82 سالہ خاتون اس سفر میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو وہ خلا میں جانے والی سب سے معمر انسان بن جائیں گی۔
جیف بیزوس نے انھیں اس سفر کے لیے بطور ایک ’محترم مہمان‘ دعوت دی ہے اور انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ انھیں یہ خبر دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رواں ماہ کے آخر میں خلائی سفر پر روانہ ہونے والوں میں ویلی فنک، جیف بیزوس، (بیزوس کے) بھائی مارک اور ایک اور نامعلوم شخص بھی ہوں گے۔ اس نامعلوم شخص، جن کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی ہے، نے اس سفر کے لیے 28 ملین ڈالر کی رقم ادا کی ہے۔
کمپنی کے منصوبے میں اپنے مسافروں کو زمین کی سطح سے 100 کلومیٹر اونچائی تک لے کر جانا ہے تاکہ وہ مائیکرو گریوٹی محسوس کر سکیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Instagram کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Instagram ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
Instagram پوسٹ کا اختتام
یہ خلائی کیپسول پھر زمین پر پیرا شوٹس کی مدد سے واپس لوٹ آئے گا، اس خلائی سفر کا دورانیہ تقریباً 10 منٹ ہو گا۔
انسٹاگرام پر شائع کردہ دو منٹ کے اس کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیف بیزوس یہ خبر ویلی فنک کو بتا رہے ہیں کہ انھیں اس سفر کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں وہ کہتی ہیں کہ ’میرا نہیں خیال تھا کہ میں کبھی بھی اوپر (خلا میں) جا پاؤں گی۔‘
’پرواز کا جنون‘

،تصویر کا ذریعہWally Funk via Blue Origin
امریکی ریاست نیو میکسکو میں سنہ 1939 میں پیدا ہونے والی ویلی فنک کا ہوا بازی کے ساتھ زندگی بھر کا ساتھ رہا ہے۔
اپنے کیریئر میں انھوں نے 19600 گھنٹوں کی پرواز کی ہے اور تقریباً 3000 لوگوں کو پائلٹ کی تربیت دی ہے۔
82 سالہ ویلی پہلے بھی کئی بار تاریخ میں اپنا نام لکھوا چکی ہیں۔ وہ نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کی تاریخ کی پہلی خاتون ایئر سیفٹی انویسٹیگیٹر تھیں اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی پہلی خاتون انسپکٹر تھیں۔
سنہ 1961 میں ویلی فنک نے ’ویمن اِن سپیس‘ پروگرام میں بطور رضاکار اندراج کروایا تھا جس دوران انھیں خلابازی کی سخت جسمانی اور ذہنی تربیت سے گزرنا پڑا تھا۔ تاہم یہ سکیم بعد میں یک دم بند کر دی گئی تھی۔ ویلی اور کچھ اور خواتین جنھیں مرکری 13 کے نام سے جانا جاتا ہے ناسا کے ساتھ کبھی خلا میں جا نہیں سکیں۔
مزید پڑھیے
ویلی فنک نے 2010 میں دو لاکھ ڈالر خرچ کر رچرڈ برینسن کے ورجن گلاکٹک پروگرام کی ٹکٹ خریدی تھی جسے حال ہی میں ایف اے اے کی منظوری ملی ہے۔
ویلی فنک کہتی ہیں کہ ’میں لوگوں کو بتا نہیں سکتی کہ بلو آرجن کی پرواز کے لیے چنا جانا میرے لیے کتنی خوشی کا باعث ہے۔‘ وہ کہتی ہیں کہ انھیں توقع ہے کہ اس پرواز کا ایک ایک سیکنڈ ان کے لیے پُرلطف ہو گا۔
جیف بیزوس دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک ہے۔ انھوں نے بلو آرجن 2000 میں بنائی تھی اور گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ اور ان کے بھائی خلا کا سفر کریں گے۔












