اٹلی: ہسپتال کے ملازم پر 15 سال کام پر آئے بغیر پوری تنخواہ لینے کا الزام

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اٹلی میں ایک ہسپتال کے ملازم پر 15 سال کام پر آئے بغیر پوری تنخواہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اٹلی کے مقامی میڈیا کے مطابق کتانزرو شہر کے سیاکیو ہسپتال میں اس شخص نے سنہ 2005 میں مبینہ طور پر کام پر آنا چھوڑ دیا تھا۔
اطالوی خبر رساں ادارے انسا کے مطابق اب اس شخص کے خلاف دھوکہ دہی، بھتہ خوری اور دفتر کے ناجائز استعمال کے الزامات میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
مبینہ طور پر اس شخص کو ان برسوں میں تنخواہ کی مد میں 5 لاکھ 38 ہزار یورو کی ادائیگی کی گئی۔ ان کی مبینہ غیر حاضری کے سلسلے میں ہسپتال کے چھ منیجرز سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ گرفتاریاں اطالوی پبلک سیکٹر میں غیر حاضریوں اور مشتبہ دھوکہ دہی کے بارے میں پولیس کی طویل تحقیقات کا نتیجہ ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مذکورہ شخض ایک سرکاری ملازم تھا اور اسے سنہ 2005 میں ہسپتال میں ملازمت دی گئی اور اسی وقت سے اس نے کام پر جانا چھوڑ دیا تھا۔
پولیس نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ یہ شخص اپنے مینیجر کو دھمکی دیتا تھا جس کی وجہ سے مینیجر نے اس کے خلاف تادیبی رپورٹ درج نہیں کرائی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ بعد میں وہ مینیجر تو ریٹائر ہو گیا لیکن ان کے بعد آنے والے مینیجر یا ایچ آر (ہیومن ریسورس)ڈیپارٹمنٹ نے کبھی ان کی غیر حاضری کو نوٹس نہیں کیا۔










