آسٹریلیا کے دور دراز علاقے میں پھنسے باپ بیٹے کو دوستوں نے 12 گھنٹے چلنے کے بعد بچا لیا

،تصویر کا ذریعہRACQ LIFEFLIGHT RESCUE HELICOPTER
ایک آسٹریلوی شخص کے تین دوستوں نے 12 گھنٹے تک پیدل چلنے کے بعد آسٹریلیا کے ایک دور دراز علاقے میں پھنسے دونوں باپ بیٹے کو زندہ بچا لیا ہے۔
اس شخص کے بیٹے کی عمر صرف 10 سال ہے۔
یہ تمام افراد اتوار کے روز شمال مغربی ریاست کوئینز لینڈ سے گزر رہے تھے جب ان کی گاڑی سیلاب زدہ علاقے میں پھنس گئی۔
سیلاب میں پھنسے اس گروپ نے رات کار میں بسر کی اور اگلی صبح ان میں سے تین افراد نے سب سے قریبی قصبے ماؤنٹ عیسیٰ کا رخ کیا۔ یہ قصبہ اس مقام سے تقریباً 50 کلومیٹر (31 میل) دوری پر واقع ہے۔
اس گروپ کے پولیس سٹیشن میں اطلاع دینے کے بعد ایک ریسکیو مشن شروع کیا گیا اور یہ تینوں افراد حکام کے ساتھ مل کر ایک نقشے پر اپنے دوست اور ان کے بیٹے کے درست مقام کی نشاندہی کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
شام کا اندھیرا ہونے سے پہلے، ہیلی کاپٹر پر موجود ریسکیو عملے کو پھنسے ہوئے یہ دونوں باپ بیٹا، ایک میدانی علاقے میں گاڑی کی چھت پر بیٹھے نظر آگئے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام نے بتایا کہ باپ بیٹے کی صحت ٹھیک ہے اور انھیں کسی طبی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔
ریسکیو سروس آر اے سی کیو لائف فلائٹ ریسکیو کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جب انھیں ماؤنٹ عیسی ایئر پورٹ پر پہنچایا گیا، اس وقت وہ اچھی حالت میں تھے۔‘

،تصویر کا ذریعہRACQ LIFEFLIGHT RESCUE HELICOPTER
ریسکیو پائلٹ رسل پراکٹر نے دونوں باپ بیٹے کی تعریف کی کہ انھوں نے سب کچھ ٹھیک کیا، جس میں اپنے ساتھ پینے والے پانی کا بندوبست اور ایک ہی جگہ رکے رہنا شامل ہے۔
انھوں نے کہا ’اتنا طویل انتظار کرنے کے باوجود، وہ مدد پہنچنے تک اپنی گاڑی کے ساتھ موجود رہے۔‘
کوئینز لینڈ ایمبولینس نے بتایا کہ ان کے تینوں ساتھی جنھوں نے مدد کے لیے 12 گھنٹے پیدل سفر کیا، انھیں بھی کسی قسم کی طبی مدد کی ضرورت نہیں پیش آئی۔

،تصویر کا ذریعہRACQ LIFEFLIGHT RESCUE HELICOPTER
آسٹریلیا، اس وقت موسم گرما میں پیچیدہ موسمی پیٹرن ’لانینا‘ کے زیرِ اثر ہے جس کی وجہ سے خاص طور پر اس کی شمال مشرقی ریاست کوئینز لینڈ میں بارشوں اور سیلاب میں اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے ’ال نینو‘ اور ’لانینا‘ پیچیدہ موسمی پیٹرن ہیں جو استوائی بحرالکاہل میں درجۂ حرارت کے فرق کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں، اور ان کے اثرات دنیا بھر پر مرتب ہوتے ہیں۔
ال نینو کو بعض اوقات قدرتی مظہر کا گرم مرحلہ جبکہ 'لا نینا' کو سرد مرحلہ کہا جاتا ہے۔













